نئی دہلی ،09اپریل (ایچ ڈی نیوز )۔
گجرات کے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی پی ایل 2023کے 13ویں مقابلے میں کے کے آر کے بلے باز رنکو سنگھ کی ناقابل یقین اننگ کی بدولت کولکاتہ نائٹ رائیڈرز نے گجرات ٹائٹنز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ آخری اوور میں میچ کافی سنسنی خیز رہا اور رنکو سنگھ نے لگاتار 5 چھکے لگا کر میچ کے ساتھ ساتھ لوگوں کے دل جیت لیے۔ رنکو سنگھ نے 21 گیندوں میں 48 رن بنا کر تاریخ رقم کی۔ اس سے قبل راشد خان نے آئی پی ایل 2023 کی پہلی ہیٹ ٹرک لگائی۔ انہوں نے یہ کام آندرے رسل، سنیل نارائن اور شاردول ٹھاکر کو تین گیندوں پر آو¿ٹ کر کے کیا۔ ایک وقت تھا کہ کے کے آر یہ میچ نہیں جیت پائے گا۔ لیکن اخیر میں رنکو سنگھ نے جادوگر کے انداز میں لگاتار 5 چھکے لگا کر ناممکن کو ممکن بنا دیا۔
اس سے پہلے میچ میں، گجرات ٹائٹنز نے کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد 20 اوورز میں 4/204 رن بنائے۔ گجرات کی جانب سے وجے شنکر نے سب سے زیادہ 63 رن بنائے۔ ساتھ ہی سائی سدرشن نے بھی 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ کولکاتہ کی جانب سے سنیل نارائن نے 3 اور سویش شرما نے 1 وکٹ حاصل کی۔
ہاردک پانڈیا اس میچ میں نہیں کھیلے تھے۔ ان کی جگہ راشد خان نے گجرات کی کپتانی کی۔ یہ حیرت انگیز میچ نریندر مودی اسٹیڈیم احمد آباد میں کھیلا گیا۔ گجرات نے پہلے کھیلے گئے اپنے دونوں میچ جیتے تھے لیکن یہاں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔بتا دیں کہ کے کے آر کی اننگ کے 17 ویں اوور میں راشد خان نے ہیٹ ٹرک لے کر میچ کا رخ پوری طرح سے پلٹ دیاتھا، لیکن آخری اوور میں رنکو سنگھ نے لگاتار پانچ چھکے لگا کر میچ جیت لیا۔
