نئی دہلی، 05 جون(ایچ ڈی نیوز)۔
ریلائنس فاؤنڈیشن نے اوڈیشہ ٹرین حادثے کے متاثرین کے لیے کئی امداد کا اعلان کیا ہے۔ اس میں 6 ماہ کے لیے مفت راشن، زخمیوں کے لیے ادویات اور ضرورت پڑنے پر اسپتال میں علاج، ایمبولینس کے لیے مفت ایندھن، جیو اور ریلائنس ریٹیل کے ساتھ 1 سال کے لیے مفت موبائل کنیکٹیویٹی کے ساتھ خاندان کے ایک فرد کو نوکری دینے اعلان بھی شامل ہے۔
بالاسور میں ٹرین حادثے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے، ریلائنس فاؤنڈیشن ( آر ایف)کی بانی اور چیئرپرسن نیتا امبانی نے کہا، “بھاری دل کے ساتھ، میں ان خاندانوں سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہوں جنہوں نے اس المناک ٹرین حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ اگرچہ ہم اس سانحے کی وجہ سے ہونے والے درد کو کم نہیں کر سکتے، ہم سوگوار خاندانوں کو ان کی زندگیوں کی تعمیر نو اور مستقبل کی تیاری میں مدد کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ جیسے ہی ہمیں حادثے کا علم ہوا، ہماری خصوصی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیمیں زمینی سطح پر امدادی کارروائیوں میں شامل ہو گئیں اور زخمیوں کو چوبیس گھنٹے مدد فراہم کر رہی ہیں۔ ہم اس مشکل وقت میں متاثرین کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
حادثے کے بعد سے بالاسور میں موجود، ریلائنس فاؤنڈیشن کی ایک ماہر ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم بالاسور کلکٹریٹ اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ ریلائنس فاؤنڈیشن زخمیوں کو ایمبولینسوں تک پہنچانے میں مدد کر رہی ہے، ماسک، دستانے،او آر ایس، بیڈ شیٹس، لائٹس اور دیگر ضروری ریسکیو اشیاء جیسے گیس کٹر وغیرہ فوری طور پر فراہم کر رہی ہے۔
ریلائنس فاؤنڈیشن کا ٹرین حادثے کے متاثرین کے لیے 10 نکاتی امدادی پیکج
۔1۔ جیو ۔ بی پی نیٹ ورک سے ایمرجنسی رسپانس ایمبولینسز کے لیے مفت ایندھن۔
۔2 ریلائنس اسٹورز کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کو اگلے چھ ماہ کے لیے آٹا، چینی، دالیں، چاول، نمک اور کوکنگ آئل سمیت مفت راشن کی فراہمی۔
۔3 زخمیوں کو ان کی فوری صحت یابی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مفت ادویات؛ حادثات کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہونے والے لوگوں کا طبی علاج۔
۔4جذباتی اور نفسیاتی مشاورت کی خدمات۔
۔5 اگر ضرورت ہو تو جیو اور ریلائنس رٹیل کے ذریعے متوفی کے خاندان کے کسی فرد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا
۔6 معذور افراد کو امداد کی فراہمی بشمول وہیل چیئرز، مصنوعی اعضاء۔
۔7روزگار کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے متاثرہ افراد کے لیے مہارت کی خصوصی تربیت۔
۔8 مائیکرو فنانس اور ان خواتین کے لیے تربیت کے مواقع جنہوں نے اپنے خاندان کا واحد کمانے والا رکن کھو دیا ہے۔
۔9 حادثے سے متاثرہ دیہی خاندانوں کو متبادل ذریعہ معاش کے لیے گائے، بھینس، بکری، پرندے جیسے مویشی فراہم کرنا
۔10سوگوار خاندان کے رکن کو ایک سال کے لیے مفت موبائل کنیکٹیویٹی تاکہ وہ اپنی روزی روٹی دوبارہ بنا سکیں۔