نئی دہلی،21اکتوبر: ریختہ فاؤنڈیشن نے ہریش بینا شاہ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ایک جادوئی شام ’’شامِ ریختہ‘‘ کا اعلان کیا ہے جو اردو شاعری، موسیقی اور رقص کے لازوال ورثے کو منانے کے لیے خاص ہوگی۔ یہ ثقافتی تقریب اگلے مہینے 9 نومبر 2024 کو ممبئی کے جمشد بھابھا تھیٹر این سی پی اے، نریمن پوائنٹ اور 16 نومبر 2024 کو حیدرآباد کے پیگاہ پیلس بیگم پیٹ میں پیش کی جائے گی۔ یہ دونوں ایونٹ اردو زبان کے شائقین، فن کے دلدادہ اور شاعری کے پرستاروں کے لیے ایک منفرد تجربہ ہوگا۔
شامِ ریختہ ایک ناقابلِ فراموش شام کا اظہار ہے، جس میں دو دلکش پرفارمنسز پیش کی جائیں گی : ’’رقصِ نا تمام‘‘ جو ارود شاعری اور رقص کا ایک سفر ہے۔ نور جہاں کے فنی سفر کی عکاسی کرتا ہوا ایک دلکش پرفارمنس، اور ریختہ مشاعرہ، اردو شاعری کی ایک محبوب روایت جس میں ملک کے معروف شعرا شرکت کریں گے۔
ریختہ فاؤنڈیشن کے بانی سنجیو صراف کا کہنا ہے کہ ’’شامِ ریختہ صرف ایک تقریب نہیں ہے، بلکہ یہ اردو تہذیب کا جشن ہے، ایک ایسی زبان جس نے اپنے آپ کو ہندوستان کی ثقافتی وراثت میں ضم کر دیا ہے۔ ممبئی اور حیدرآباد اور ممبئی میں شام ریختہ کے اس تجربے کو پیش کرنا صرف اس کے فنکارانہ ورثے کو خراجِ تحسین پیش کرنا نہیں ہے بلکہ ایک ایسا سنگم بھی بنانا ہے جہاں زبان، شاعری اور پرفارمنس ایک جگہ جا کر مل جاتے ہیں۔ ریختہ اپنے آغاز سے لے کر اب تک اسی جذبے اور لگن کے ساتھ اس لازوال میراث کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘
ریختہ مشاعرہ (ممبئی) میں شرکت کرنے والے شعرا میں وسیم بریلوی، فرحت احساس، وجیندر سنگھ پرویز، پوجا بھاٹیا، شمیم عباس، راجیش ریڈی، مدن موہن دانش، اسلم حسن اور چراغ شرما شامل ہوں گے جبکہ ریختہ مشاعرہ (حیدرآباد) میں عزم شاکری، سردار سلیم، اقبال اشہر، ملک زادہ جاوید، شارق کیفی، عقیل نعمانی، معین شاداب اور گووند گلشن شامل ہوں گے۔