نئی دہلی ، 17 مارچ (ایچ ڈی بیورو)۔
رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے اتوار کو دہلی کیپٹلز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) 2024 کا ٹائٹل جیت لیا۔ ٹائٹل میچ میں دہلی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18.3 اوورز میں 113 رنز تک محدود رہی جس کے جواب میں آر سی بی نے 19.3 اوورز میں 2 وکٹوں پر 115 رنز بنا کر ٹائٹل جیت لیا۔سوفی ڈیوائن اور اسمرتی مندھانا نے آر سی بی کو اچھی شروعات دی۔کپتان اسمرتی مندھانا اور سوفی ڈیوائن نے 114 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آر سی بی کو سست اور مستحکم آغاز دیا۔ دونوں نے پہلے 8 اوورز میں 49 رنز جوڑے۔
شکھا پانڈے نے سوفی ڈیوائن کو ایل بی ڈبلیو کرکے 9ویں اوور کی پہلی گیند پرآر سی بی کو پہلا جھٹکا دیا۔ ڈیوائن نے 27 گیندوں میں 5 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 32 رنز بنائے۔ اس کے بعد مندھانا اور ایلس پیری نے دوسری وکٹ کے لیے 33 رنز جوڑے۔ منو مانی نے 15ویں اوور میں 82 کے مجموعی اسکور پر کپتان مندھانا کو آوٹ کر کے آر سی بی کو دوسرا جھٹکا دیا۔ مندھانا نے 39 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔ اس کے بعد ایلیس پیری اور ریچا گھوش نے تیسری وکٹ کے لیے 27 گیندوں میں 33 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور آر سی بی کو ڈبلیو پی ایل 2024 کا خطاب دلایا۔ ایلس پیری 37 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہیں اور ریچا گھوش 14 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہیں۔
اس سے قبل دہلی کیپٹلس نے رائل چیلنجرز بنگلور (آرسی بی) کے خلاف جیت کے لیے 114 رنز کا ہدف رکھا ہے۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے دہلی کی ٹیم 113 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ آر سی بی کی جانب سے شریانکا پاٹل نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ میں دہلی کیپٹلس کے کپتان میگ لیننگ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان میگ لیننگ اور شفالی ورما نے دہلی کو تیز شروعات دی۔ خاص طور پر شفالی نے جارحانہ موقف اپنایا اور بڑے شاٹس مارنا شروع کر دیا۔ دونوں نے مل کر دہلی کے اسکور کو 4.5 اوور میں 50 رنز تک پہنچایا ، جس میں شفالی نے 17 گیندوں میں 36 رنز بنائے۔ دہلی نے پاور پلے میں 61 رنز جوڑے۔ دونوں بلے بازوں نے پاور پلے میں 5 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ شفالی کے نام 3 چوکے اور 2 چھکے تھے۔
اس جوڑی کو آٹھویں اوور میں سوفی مولینکس نے توڑا۔ وہ 64 کے مجموعی سکور پر شفالی ورما کو جارجیا ویرہم کے ہاتھوں کیچ کروا گئیں۔ شفالی نے 27 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔ انہوں نے 2 چوکے اور تین چھکے لگائے۔ اس کے بعد مولینکس نے جمائمہ روڈریگس کو آوٹ کرکے دہلی کو دوسرا جھٹکا دیا۔ اگلی ہی گیند پر مولینکس نے ایلس کیپسی کو آوٹ کرکے دہلی کو تیسرا جھٹکا دیا۔ 11ویں اوور میں شریانکا نے 74 کے مجموعی سکور پر کپتان میگ لیننگ کو آوٹ کر کے دہلی کو بڑا جھٹکا دیا۔ لیننگ نے 23 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے۔
اسٹریٹجک ٹائم آوٹ کے بعد آشا شوبھنا نے 14ویں اوور میں دہلی کو دو جھٹکے لگائے۔ انہوں نے پہلے مارجن کپ ( 08) اور پھر جیس جوناسن ( 03) کو 80 کے اسکور پر آوٹ کرکے آر سی بی کو دو کامیابیاں دلائیں۔ اگلے ہی اوور میں، 87 کے مجموعی اسکور پر ، شریانکا نے منو مانی کو چلتے ہوئے دہلی کو ساتویں کامیابی دلائی۔
گرتے پڑتے دہلی کی ٹیم 15.5 اوور میں 100 رنز تک پہنچی۔ 17ویں اوور میں 101 کے مجموعی اسکور کے ساتھ مولینکس نے رادھا یادو کو ڈائریکٹ تھرو پر رن آو¿ٹ کرکے دہلی کو آٹھویں وکٹ دلائی۔ رادھا نے 12 رنز بنائے۔ 19ویں اوور میں 113 کے مجموعی اسکور پر شریانکا نے ارودھنتی ریڈی کو بولڈ کرکے دہلی کو نواں جھٹکا دیا۔ اگلی ہی گیند پر شریانکا نے تانیہ بھاٹیہ ( 0) کو بولڈ کیا اور 113 کے اسکور پر دہلی کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔دہلی کی جانب سے شریانکا پاٹل نے 4، سوفی مولینکس نے 3 اور آشا شوبھنا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔