نئی دہلی، 16 مارچ (ایچ ڈی نیوز)۔
انگلینڈ کے آل راؤنڈر ول جیکس انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2023 سے باہر ہو گئے ہیں۔ جیکس کو آر سی بی نے دسمبر میں آئی پی ایل نیلامی میں 3.2 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ بنگلہ دیش کے دورے کے دوران جیکس دوسرے ون ڈے میں ہیمسٹرنگ انجری کے باعث پوری سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔ اسکین اور ماہرین کے مشورے کے بعد وہ اس ہفتے آئی پی ایل سے دستبردار ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق آر سی بی فی الحال نیوزی لینڈ کے آل راونڈر مائیکل بریسویل سے جیکس کے ممکنہ متبادل کے طور پر بات چیت کر رہا ہے۔بریسویل نے آئی پی ایل میں نہیں کھیلا ہے اور نیلامی کے دوران بغیر فروخت ہوئے رہ گئے تھے۔ ان کی بنیادی قیمت ایک کروڑ روپے تھی۔ آر سی بی اپنے سیزن کا آغاز 2 اپریل کو ممبئی انڈینز کے خلاف کرے گا۔ مئی 2019 کے بعد یہ ان کا پہلا میچ ان کے ہوم گراؤنڈ ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں ہوگا۔
واضح ہو کہ جیکس نے اس موسم سرما میں تمام فارمیٹس میں انگلینڈ کے لئے شروعات کی ۔انہوں نے بنگلہ دیش میں اپنا ون ڈے ڈیبیو کرنے سے پہلے گزشتہ سال پاکستان کے دورے کے دوران اپنی ٹی۔20 اور ٹیسٹ کیپس حاصل کیں۔ انہوں نے اب تک دو ٹیسٹ کھیلے ہیں، جس میں انگلینڈ کے لیے 89 رن بنائے اور چھ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے دو ون ڈے میچوں میں 27 رن بنائے اور ایک وکٹ حاصل کی اور دو ٹی ۔20میں 40 رن بنائے۔
مختصر فارمیٹ میں، انہوں نے 109 میچ کھیلے ہیں اور 102 اننگ میں 29.80 کی اوسط سے 2,802 رن بنائے ہیں، جس میں ایک سنچری اور 23 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ تمام فارمیٹس میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 157.94 ہے۔