20.1 C
Delhi
November 3, 2024
Hamari Duniya
قومی خبریں

جنید اور ناصر کے قاتلوں کے خلاف راجستھان مسلم فورم کا مظاہرہ

نئی دہلی ،25فروری (ایچ ڈی نیوز)۔

راجستھان میں گؤ رکشکوں کے ذریعہ دو مسلم نوجوان جنید اور ناصر کے قاتلوں کے خلاف خاطر خواہ کارروائی نہ کئے جانے کے سبب ہنگامہ جاری ہے۔ایک طرف جہاں قاتلوں کی حمایت میں بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد مہاپنچایت کر کے پولیس  اور انتظامیہ کو کھلے طور پر دھمکی دے رہے ہیں ۔وہیں دوسری جانب اب راجستھان مسلم فورم نے بھی قاتلوں کے خلاف کارروائی کرنے اور گرفتاری کے مطالبہ کو لے کر مظاہرہ کیا ہے ۔

جنید اور ناصر کے بہیمانہ قتل کے ملزمین کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے راجستھان مسلم فورم کے بینر تلے جے پور کے موتی ڈنگری روڈ پر ایک احتجاجی میٹنگ اور مظاہرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کئی سماجی تنظیموں نے حصہ لیا۔

واضح رہے کہ راجستھان کے بھرت پور ضلع کے گھاٹمیکا گاؤں کے جنید (35) اور ناصر (25) کو چند روز قبل اغوا کر کے بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا اور ان کی لاشیں 15 فروری کو ہریانہ کے بھیوانی ضلع میں ایک بولیرو گاڑی میں جلا دی گئی تھیں۔

اس واقعے پر ملک بھر میں احتجاج کیا جا رہا ہے اور ملزمین کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔راجستھان میں منعقدہ اس مظاہرے میں شامل مختلف سماجی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے مقررین نے جنید اور ناصر قتل کیس کے ملزمان کی گرفتاری میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر منظور کی گئی قراردادوں میں واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام نامزد ملزمین بالخصوص موہت یادو عرف مونو مانیسر کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔تجویز میں معاملے کی اعلیٰ سطحی انکوائری، تفتیشی ٹیم میں اعلیٰ پولیس افسران کے ساتھ ایک جج کو شامل کرنے اور فاسٹ ٹریک عدالت میں مقدمہ چلانے کے ساتھ ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔

پروگرام میں دلت مسلم ایکتا منچ کے صدر عبداللطیف آرکو، مسیحی شکتی سمیتی کے صدر فادر وجے پال سنگھ اور جامع مسجد جے پور کے سابق صدر نعیم قریشی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

Related posts

اسلامیہ کالج گورکھپور میں مسابقہ کا انعقاد، دارالعلوم فیض محمدی نے ماری بازی

Hamari Duniya

میوات میں بے قصور گرفتار شدگان کو انصاف دلانے کی مہم

Hamari Duniya

ناندیڑ میں اے ایم پی اور ورلڈ میمن آرگنائزیشن کے زیر اہتمام میگا جاب فیئرکاانعقاد، اتنے خوش نصیبوں کو انٹرویوکے اگلے دور کیلئے کیا گیا شارٹ لسٹ

Hamari Duniya