نئی دہلی، 8 مارچ (ایچ ڈی نیوز)۔
آل انڈیا یونانی طبی کانگریس دہلی کی ایک اہم میٹنگ تنظیم ہذا کے قومی لیگل ایڈوائزر ڈاکٹر پرواز علوم کی صدارت میں دریاگنج میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ہندی روزنامہ ’دیش بندھو‘ دہلی ایڈیشن کے بیوروچیف اقرار خاں کو ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں مومنٹو پیش کرکے اعزاز سے نوازا گیا۔ میٹنگ میں ڈاکٹر پرواز علوم نے کہا کہ ریلوے بورڈ بھارت سرکار کے افسران ’آیوش‘ کی تعریف سمجھنے سے قاصر ہیں جس کی وجہ سے ریلوے بورڈ نے 18 دسمبر 2023 کو غلط سرکلر جاری کیا ہے کیونکہ آیوش کی تعریف میں آیوروید، یوگا، نیچروپیتھی، سدھا اور ہومیوپیتھی کے ساتھ یونانی بھی شامل ہے۔
مگر ریلوے بورڈ نے صرف آیوروید، سدھا اور ہومیوپیتھی کے لیے ہی سرکلر جاری کیا۔ ڈاکٹر پرواز علوم نے کہا کہ ہم اس کے لیے ایک پی آئی ایل الٰہ آباد ہائی کورٹ میں داخل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے بورڈ کی لاپرواہی کی وجہ سے یونانی ڈاکٹروں کو ریلوے کے اسپتالوں میں نوکریوں سے محروم ہونا پڑ رہا ہے اور ریلوے کے ملازمین یونانی طریقہ علاج سے فائدہ اٹھانے سے قاصر ہیں۔آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم نے ریلوے بورڈ کی توجہ مبذول کرائی ہے مگر ابھی تک کوئی حل سامنے نہیں آیا۔ اس لیے اب ہمیں کورٹ میں پی آئی ایل ہی کرنا پڑے گا۔ اہم شرکاءمیں ڈاکٹر صباحت اللہ امروہوی، ڈاکٹر شکیل احمد، ڈاکٹر مرزا آصف بیگ، ڈاکٹر غیاث الدین صدیقی اور ڈاکٹر فیضان احمد صدیقی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔ تمام شرکاءکا شکریہ ڈاکٹر احسان احمد صدیقی نے ادا کیا۔