نئی دہلی، 12 جولائی (ایچ ڈی نیوز)۔
پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر اپنےخاندانی ہونے کا ثبوت دے دیا ہے۔اس مرتبہ سابق کانگریس صدر اور بریلی کے رکن پارلیمنٹ نے بات بات پر ان کی تذلیل کرنے والی سابق مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کی حمایت کی ہے۔کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آج اپیل کی کہ ہارنے پر اسمرتی ایرانی یا کسی دوسرے لیڈر کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے اور برا سلوک کرنے سے گریز کریں۔
آج راہل گاندھی نے ایکس پر کہا کہ زندگی میں جیت اور ہار لگی رہتی ہے۔ اس کے لیے لوگوں کو نیچا دکھانا اور ان کی توہین کرنا طاقت کی نہیں کمزوری کی علامت ہے۔ واضح رہے کہ امیٹھی سیٹ سے گاندھی خاندان کے قریبی کشوری لال شرما سے ہارنے کے بعد سے ہی اسمرتی ایرانی سوشل میڈیا پر کافی ٹرول ہورہی ہیں۔ آج جب وہ لوٹینس دہلی 28 تغلق کریسنٹ واقع اپنا بنگلہ خالی کررہی تھیں تو ایک بار پھر وہ سوشل میڈیا پر ٹرول ہونے لگیں۔جس پر راہل گاندھی کو ان کی حمایت میں ٹوئٹ کرنا پڑا۔
قابل ذکر ہے کہ اسمرتی ایرانی نے 2019 میں امیٹھی سے راہل گاندھی کو شکست دی تھی۔ اس بار راہل کی پارٹی کانگریس لیڈر کشوری لال شرما نے انہیں امیٹھی سے شکست دی ہے۔