پورنیہ27جنوری(ایچ ڈی نیوز)۔
راہل گاندھی مستقبل کے انقلابی لیڈر بن کر ابھریں گے۔امن و انصاف اور ملک کی موجودہ فرقہ واریت کی شبیہ کو بدلنے کے لئے سیکولر عوام بالخصوص اقلیتی طبقہ راہل گاندھی کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہا ہے۔کانگریس کی بھارت جوڑو نیائے یاترا ملک میں ایک مثبت فکر پیدا کررہی ہے۔ سیمانچل کے عوام راہل گاندھی کی طاقت میں اضافہ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار معروف سماجی کارکن وسیاسی تجزیہ کار مولانا سید طارق انور نے کیا۔انہوں نے کہا اپوزیشن جماعتوں کا متحدہ محاذمستقبل قریب میں نئی سیاسی اخلاقیات کا علمبردار ہوگا۔فرقہ پرستوں کی زہریلی کوششیں اور سازشیں زیادہ دنوں تک کامیاب نہیں ہوں گی۔’انڈیا‘ کو توڑنے کی جو سازش مایاوتی اور ممتا بنرجی کے ذریعے کی جارہی ہے وہ مستقبل میں ناکام ہوجائے گی۔انہوں نے کہا ’بھارت جوڑو نیائے یاترا ملک میں مثبت سوچ و فکر کی فضا ہموار کررہی ہے۔
راہل گاندھی کی کوششیں رنگ لارہی ہیں اور ملک کے سیکولر عوام میں نئی بیداری پیدا ہورہی ہے۔مولانا سید طارق انور نے کہاکہ فرقہ وارانہ یک جہتی اور گنگا جمنی تہذیب کے دشمنوں کے بہت جلد ہوش ٹھکانے آنے والے ہیں۔ملک کے لوگ ان کے پوشیدہ عزائم کو اچھی طر ح سمجھ چکے ہیں۔انہوں نے اپنی طرز حکومت سے ملک کی جو بربادی کی ہے اب عوام اسے مزید برداشت نہیں کریں گے۔راہل گاندھی مستقبل کے انقلابی لیڈر بن کر ابھررہے ہیں اور ملک کے عوام ان کی طاقت میں مزید اضافہ کررہے ہیں۔