نئی دہلی(ایچ ڈی نیوز)۔
اڈانی گروپ کے سربراہ گوتم اڈانی نے راجستھان میں 65,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ اڈانی نے جمعہ کو راجستھان انویسٹمنٹ سمٹ 2022 کے افتتاحی اجلاس میں اس کا اعلان کیا۔راجستھان سرمایہ کاری سمٹ 2022 سے خطاب کرتے ہوئے ، گوتم اڈانی نے کہا کہ اگلے پانچ سے سات سالوں میں، ہم تمام موجودہ اور مستقبل کے منصوبوں میں 65 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی توقع کر رہے ہیں۔ اس سے بالواسطہ اور بلاواسطہ روزگار کے 40,000 مواقع پیدا ہوں گے۔
گوتم اڈانی نے کہا کہ قابل تجدید توانائی میں 50,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے تاکہ 10,000 میگاواٹ صلاحیت کے منصوبوں کو نافذ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گروپ ریاست میں سیمنٹ مینوفیکچرنگ کی صلاحیت کو دوگنا کرنے کے لیے 7,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ کمپنی نے حال ہی میں امبوجا سیمنٹ اور اے سی سی کو حاصل کیا ہے۔ اس کے ساتھ، اڈانی نے کہا کہ ریاست میں دیگر پروجیکٹوں میں جے پور ہوائی اڈے کو عالمی معیار کی سہولت فراہم کرنا ، پی این جی اور سی این جی کی سپلائی نیٹ ورک کو تیار کرنا اور صاف ایندھن کی دستیابی میں تیزی سے اضافہ کرنا شامل ہے۔