ممبئی، 17 مارچ(ایچ ڈی نیوز)۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اتوار کو ممبئی کے تاریخی شیواجی میدان میں لاکھوں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکار اڈانی بھی اتنا ہی جی ایس ٹی ادا کرتے ہیں جتنا اس ملک کے عام لوگ ادا کرتے ہیں۔ لیکن اڈانی سمیت 20 لوگ ملک کی 90 فیصد دولت کے مالک ہیں۔ راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت پر اڈانی جیسے لوگوں کی مدد کرنے کا الزام لگایا۔
پی ایم مودی کو نشانہ بناتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’مودی صرف ایک ماسک، ایک مکھوٹا ہیں۔ جیسے بالی ووڈ کے اداکار ہیں انہیں رول ملا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی ای وی ایم کے بغیر لوک سبھا انتخابات نہیں جیت سکتے۔ اسی وجہ سے مرکزی حکومت کے کہنے پر الیکشن کمیشن ای وی ایم کے تحفظ کی بات کرتا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ کسی نے کہا کہ راجہ کی روح ای وی ایم، سی بی آئی، ای ڈی، انکم ٹیکس میں ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ ایک ریاست کے ایک سینئر لیڈر نے کانگریس چھوڑ کر روتے ہوئے میری ماں سے کہا کہ میں شرمندہ ہوں کہ مجھ میں اس حکومت سے لڑنے کی ہمت نہیں ہے، میں جیل نہیں جانا چاہتا۔ ان سے ہزاروں لوگ خوفزدہ ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا، ”یہ ملک 90 افسران چلا رہے ہیں۔ میں نے نظام کو اندر سے دیکھا ہے۔ اس لیے مودی جی مجھ سے ڈرتے ہیں۔ مجھ سے کچھ چھپا نہیں سکتے۔ ان میں سے تین افسران ریٹائر ہو جائیں گے۔ تین دلت ہیں۔ یہ 90 لوگ پالیسیاں بناتے ہیں۔ یہی اصل طاقت ہے جو ہندوستان کو چلا رہی ہے۔
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ نریندر مودی کا کام آپ کی توجہ ہٹانا ہے۔ کبھی کہیں گے، چین کو دیکھو، پاکستان کو دیکھو۔ کبھی کبھی وہ آپ سے موبائل کی لائٹ آن کرنے کو کہیں گے۔ وہ کبھی کہیں گے کہ میری توہین ہوئی؟ لیکن آج بھارت میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے۔ حکومت کی طرف سے کوئی اس پر بات نہیں کرتا۔
اس دوران شیو سینا (یو بی ٹی) کے صدر ادھو ٹھاکرے، آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو، ونچیت بہوجن اگھاڑی لیڈر پرکاش امبیڈکر سمیت کئی لیڈروں نے بھی آج شیواجی پارک گراو¿نڈ میں عام عوام سے خطاب کیا اور عام لوگوں سے مل کر الیکشن لڑنے کی اپیل کی۔