پورنیہ 23فروری(ایچ ڈی نیوز)
نتیش کمار کی قیادت میں پورنیہ کی مہاگٹھ بندھن کی ریلی بھارتیہ جنتا پارٹی کے غرور کو پاش پاش کرے گی۔اس ریلی سے دبی کچلی قومیں،اقلیتیں اور دلت طبقات میں عظیم اتحاد کے تئیں بیداری پیدا ہوگی اور اس ریلی کے اثرات آئندہ برس ہونے والے عام انتخابات پرنظر آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار بہار کے معروف سماجی کارکن وسیاسی تجزیہ کار مولانا سید طارق انور نے پریس کو جاری ایک بیان میںکیا ۔مولانا سید طارق انور نے کہا کہ عظیم اتحاد میں اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتیں تو شامل ہوگئی ہیں اب علاقائی اور چھوٹی سیاسی پارٹیاں بھی اس میں شامل ہوکر ملک کو ایک نئی اور ترقی کی فکروالی راہ پر لے جانے کے منصوبے پر گہرا غور خوص کررہی ہیں۔انہوں نے کہا بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ملک کے ان چند لیڈروں میں سے ایک ہیںجن کا دامن بدعنوانی کے داغ دھبوں سے پوری طرح پاک ہے، یہی وجہ ہے کہ شرد پوار جیسے ماہر سیاست داں بھی ان کے پرچم تلے آکر خوشی و مسرت کا اظہار کررہے ہیں۔مولانا سید طارق انو ر نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈران نے ملک کو پوری طرح کھوکلا کردیا ہے ،ان کے بعد صرف نتیش جیسے ہی لیڈر ملک کی فلاح و ترقی کرسکتے ہیں۔
مولانا سید طارق انور نے کہا پورنیہ کی مہاریلی بھارت میں نئی سوچ پیدا کرے گی اور جس طرح سے نتیش کمار کے قدم سے قدم ملاکر دیگر جماعتوں کے رہنما ریلی کو کامیاب بنانے کے لئے رات دن ایک کئے ہوئے ہیں اس سے لگتا ہے کہ یہ ریلی نہ صرف فقیدالمثال ہوگی بلکہ ایک ایسی تاریخ رقم کرے گی جسے کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ جب انگریزی راج نے ظلم و ستم کی داستان شروع کی تھی اس وقت بھی بہار کے جیالے ہی میدان عمل میں سب سے پہلے اترے تھے اسی طرح آج ملک پر ایسے لوگوں نے قبضہ کرلیا ہے جو نظریاتی اعتبار سے انگریزوں کے پیروکار ہیں۔مجھے یقین ہے کہ پورنیہ کی ریلی ہی ان مفاد پرستوں کے خلاف ملک بھر میں انقلابی سوچ پیدا کرے گی۔ ، کانگریس اور راشٹریہ جنتادل کی طاقت، ملک کی تمام چھوٹی بڑی پارٹیوں کی حمایت،نتیش کمار کی ہمت اور شرد پوار سمیت ملک کے لئے اچھی سوچ رکھنے والے لیڈران کی محنت ضرور رنگ لائے گی اور اس ریلی کے آئندہ عام چناﺅ پر گہرے اور واضح اثرات نظر آئیں گے۔یہ ریلی ملک بھر میں انقاب برپا کرے گی اور سیکولرزم کے قیام میں تاریخی کردار ادا کرے گی۔انہوں نے یکساں فکر کے حامل سیاست دانوں سے اپیل کی کہ وہ مہاریلی کو کامیاب بنانے کے لئے پورنیہ پہنچیں اور آئین و دستور کے تحفظ میں اپنا سرگرم تعاون پیش کریں۔