لدھیانہ،30اپریل(ایچ ڈی نیوز)۔
پنجاب کے لدھیانہ میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ ضلع کے گیاس پور کے علاقے میں زہریلی گیس کے اخراج سے 11 افراد کی موت ہو گئی۔ حادثے میں 10 افراد بے ہوش ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ علاقے میں تحقیقاتی مہم چلائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق گیاس پورہ کے علاقے میں فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ ایمبولینس کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق اچانک گیس لیک ہونے سے بھگدڑ جیسی صورتحال بن گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گیس پاس کی ہی ایک فیکٹری سے لیک ہوئی ہے۔ جیسے ہی اس بارے میں لوگوں کو جانکاری ملی، سب ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ زیادہ تر لوگ بھاگ کر فیکٹری سے دور پہنچ گئے ہیں۔
جائے حادثہ کے نزدیک رہنے والے ڈاکٹر شمبھو نارائن سنگھ نے بتایا کہ ان کے گھر کے پانچ آدمی گیس لیک ہونے کے بعد بے ہوش ہوگئے ہیں۔ مجھے گھر کے نزدیک نہیں جانے دیا جارہا ہے۔ آس پاس کے سبھی لوگوں پر اس کا اثر پڑا ہے۔ موقع پر موجود انجل کمار نے بتایا کہ میرے چاچا کی یہاں آرتی کلینک نام سے شاپ ہے۔ ان کا پورا خاندان بے ہوش ہوگیا ہے۔ 2 لوگوں کی لاش اب بھی گھر میں پڑی ہوئی ہے۔ انجل نے بتایا کہ ان کے اہل خانہ کی لاشیں پوری طرح سے نیلی پڑچکی ہیں۔