ملیر کوٹلہ/نئی دہلی،17مئی (ایچ ڈی نیوز)۔
پنجاب کے ملیرکوٹلہ میں عازمین حج کے لئے تربیتی اور ٹیکہ کاری کیمپ اختتام پذیر ہوگیا۔ اس موقع پر پنجاب اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مفتی خلیل قاسمی ، پنجاب وقف بورڈ کے ای او عبد الطیف ، ملیر کوٹلہ کے ممبر اسمبلی ڈاکٹر جمیل الرحمن ، القرآن سوسائٹی پنجاب کے جنرل سکریٹری محمد شاہد ، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رضاکار مکرم سیفی ، مقامی حج رضاکار محمد ارشاد ،دہلی سے تشریف لائے سینئر حج رضاکار حاجی ریاض الدین ، حاجی محمد مستقیم ، حاجی محمد فاضل اور حاجی محمد اجمل نے شرکت کی۔کیمپ میں 290 عازمین حج کو ٹیکے لگائے گئے۔ اس دوران حج رضاکاروں نے عازمین کو حج سے متعلق اہم اور ضروری باتیں بتائیں۔
حاجی ریاض الدین نے حج و عمرہ کے حوالے سے اہم اور ضروری باتوں سے روشناس کرایا۔اس موقع پر پنجاب اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مفتی خلیل قاسمی نے کہا کہ حج کا انحصار امیری و غریبی پر نہیں ہے بلکہ جس نے عالم ارواح میں جتنی بار لبیک پکاری ہے وہ حج پر ضرور جائے گاخواہ وہ امیر ہو یا غریب ہو۔کیمپ کی اختتامی تقریب کا آغاز مفتی یوسف کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا۔ انہوں نے نظامت کے فرائض بھی انجام دیئے۔ممبر اسمبلی ڈاکٹر جمیل الرحمن کی اہلیہ مستورات کی خدمات میں پیش پیش رہیں۔تربیتی کیمپ و ٹیکہ کاری میں لدھیانہ، جالندھر ، امرتسر، پٹھان کوٹ ، پٹیالہ اور سرن شریف وغیرہ کے عازمین حج نے شرکت کی۔
