مہراج گنج: (عبید الرحمٰن الحسینی / ایچ ڈی نیوز) اسلامیہ انٹر کالج کی” سیرت کمیٹی”کے زیراہتمام صوبائی سطح کے مسابقے اور سیرت النبی کے عنوان سے منعقدہ پروگرام کی آخری نشست کی دارالعلوم فیض محمدی ہتھیا گڈھ کے سربراہ اعلیٰ مولانا قاری محمد طیب قاسمی نے نہ صرف صدارت فرمائی، بلکہ آپ کے بدست، سو سے زائد مکاتب ، مدارس اور کالجز سے مسابقہ میں پوزیشن لانے والے شرکاء کو گراں قدر انعامات وشیلڈ سے نوازا بھی گیا ۔ بڑی خوش کن خبر یہ ہے کہ ادارہ سے مسابقہ میں حصہ لینے والوں میں سے محمد فرحان نے (اردو تقریر میں) اورمحمد ظہیر الدین نے اسلامی کوئز میں اول پوزیشن، جب کہ ڈبیٹ مقابلہ میں محمد راشد دوم اور محمد جمشید نے سوم کے علاوہ محمدعاطف ممتاز نے (قرات ) میں سوم پوزیشن حاصل کرکے ادارہ کا نام روشن کرنے کے ساتھ ساتھ دارالعلوم کی اعلیٰ کامیابی والی دیرنیہ روایت کو بھی برقرار رکھا۔ یہ حسن اتفاق بھی کتنا انوکھا تھا کہ جس پروگرام کی صدارت سربراہ اعلیٰ مولانا قاری محمد طیب قاسمی فرمارہے تھے، اسی پروگرام میں طلباء کے زبردست تعلیمی مظاہر ے اور بہترین کارکردگی کے سبب ” مدارس گروپ ،، انہیں کے ادارہ” دارالعلوم فیض محمدی ” کو اول قرار دیا گیا۔
ایم ، ایس ، آئی کے سبزہ زار پر منعقدہ جلسۂ سیرت کے موقع پر اپنے جامع صدارتی خطاب میں دارالعلوم فیض محمدی کے سربراہ اعلیٰ مولانا قاری محمد طیب قاسمی نے کہا: کہ صوبائی سطح کے مقابلے میں نمایاں کامیابی پر ہم تمام طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، اور اس شاندار و خوبصورت پروگرام کے انعقاد پر پوری انتظامیہ کمیٹی بالخصوص کالج کے منیجر محبوب سعید حارث کی بے لوث خدمات اور قربانیوں کی ستائش کرتے ہیں، ان سبھی افراد کے عاقلانہ ہوش مندی اور کالج کے تئیں جذباتی وارافتگی کے علاوہ متعدد علوم کی فیکلٹیوں کے مشاہد ہ کے بعد کہا جاسکتا ہے کہ ، یہ کالج جس طرح ماضی میں اپنی تابناک تاریخ رکھتا ہے، اسی طرح آگے بھی فروغ علم کی منزلیں طے کرتا رہے گا۔ آپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ : ایسے وقت میں میاں صاحب اسلامیہ انٹر کالج کا سالانہ سیرت پاک ، و علاقائی اور صوبائی سطح کے مقابلہ جاتی پروگرام کا انعقاد، بلاشبہ قوم کے نونہالوں میں علمی رجحان اورا سلامی جذبہ پیدا کرنا کسی عبادت سے کم نہیں ہے، اس قسم کے پروگرام کے انعقاد سے قوم کے نونہالوں کی خوابیدہ صلاحتیو ں کو اجاگر کرنے کے علاوہ ان میں خود اعتمادی کا جذبہ پید اکرنے کا موقع ملتا ہے۔اس موقع پر کالج کے منیجر محبوب سعید حارث و ہر دل عزیز پرنسپل ظفر احمد خان وانکے جملہ رفقاءکار کاتہ دل سے ہم شکریہ اور مبارکباد پیش کرتے ہیں،کہ آپ نے ایک پنڈال کے نیچے کالج ومدارس اسلامیہ کے طلبہ کو علمی مباحثہ ومسابقہ میں حصہ لینے کا زریں موقع عطا کیاہے۔ مولانا محمد طیب قاسمی نے صدارتی تقریر میں یہ تجویز بھی پیش کی ، کہ جس طرح حامد علی ٹرسٹ کے سکریٹری محبوب سعید حارث کی قیادت میں گذشتہ دنوں ٹرسٹ نے اسکول وکالجز میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ وطالبات کو اعزازات سے نوازنے کا سلسلہ جاری کیا ہے، اسی طرح مدارس دینیہ میں اعلیٰ وامتیازی نمبرات حاصل کرنے والے طلباءکے لئے ، ہمت افزائی وسرپرستی کا یہ خوبصورت سلسلہ شروع ہونا چاہئے ہے، جس پر ٹرسٹ کے سکریٹری محبو ب سعید حارث نے اس مؤقر تجویز کی نہ صرف یہ کہ تصویب فرمائی بل کہ ، بہت جلد اسے” محمد حامد علی ایجوکیشنل ٹرسٹ ،،سے منظور کرانے کا مژدہ بھی حاضرین جلسہ کو سنا دیا۔ صدرجلسہ مولانا قاری محمد طیب قاسمی نے گورکھپور کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ اس وقت شہر گورکھپور میں آپ کے تین قومی سرمائے ہیں،اسلامیہ کالج، انجمن اسلامیہ، اورمیاں صاحب امام باڑہ اسٹیٹ، ان سرمایوںکی ہرطرح حفاظت کرنا آپ کا ایمانی فریضہ ہے۔ اس آخری نشست میں بیرونی وعلاقائی علماءکرام و مہمانان ِخصوصی کے علاوہ دارالعلوم فیض محمدی کے مہتمم مولانا محی الدین قاسمی ندوی ، ٹیم منیجر و ناظم تعلیمات مفتی محمدانتخاب ندوی ، ماہ نامہ احیاءاسلام کے نائب مدیر مفتی احسان الحق قاسمی و مولانا محمد صابر نعمانی کے ساتھ ساتھ ہزاروں کی تعداد میں سامعین وٹیموں کے سرپرستان موجود تھے۔