نئی دہلی،30اکتوبر(ایچ ڈی نیوز)۔
” جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ممتاز اور نمایاں ترین شعبہ اسلامک اسٹڈیزکے فارغین کی تدریسی اور تصنیفی خدمات کا اعتراف ملک وبیرون ملک کی مشہور جامعات نے بخوبی کیا ہے۔شعبہ اسلامک اسٹڈیز بھی ان کی اس کارکردگی اورتعاون کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے کیوں کہ وہ اسی شعبے کے سفیر ہیں۔“ان خیالات کا اظہار پروفیسر اقتدار محمد خان،صدرشعبہ اسلامک اسٹڈیز نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے103ویں یوم تاسیس کے موقع پر بزم طلبہ کی جانب سے ’فارغینِ شعبہ سے ملاقات‘(الومنی میٹ-2023)کے تحت ایک پروگرام میں کیا۔
اس موقع پرانہوں نے پروگرام کے تعارف اور مقاصدکی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ اس کا بنیادی مقصد شعبے کے فارغین سے منظم رابطہ استوارکرنا اور مختلف شعبہ ہائے کار میںان کی خدمات سے موجودہ طلبہ کومستفیدکراناہے ۔پروفیسر محمد اسحق، ڈین،فیکلٹی آف ہیومنیٹیز اینڈ لینگویجز نے فرمایا کہ شعبہ اسلامک اسٹڈیز کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ وہ انسان کی شخصیت سازی کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر بھی زور دیتا ہے اور یہی اسلام کا مطلوب ومقصود بھی ہے۔پروفیسر سید شاہد علی،سابق صدر شعبہ نے شعبہ کے فارغین کو تعلیم اور تعلُّم کی اہمیت وافادیت پرتوجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ اس سلسلے کو ہمیشہ جاری رکھنا چاہیے اور اس میں درپیش مسائل کو حسب سہولت تین بنیادی اصولوںیعنی ’قابل قبول،قابل تبدیل اور قابل نظر انداز‘ کے ذریعہ حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
پروگرام کا آغاز شعبہ کے طالب علم محمدبلال کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔نعت امن عثمان نے اور نداپروین،حفصہ فہد،درخشاں فلک،آفرین جاویداوران کی ٹیم نے ترانہ جامعہ پیش کیا۔ڈین اورصدرشعبہ کی موجودگی میں شعبہ کے فارغین کاگلدستوں سے استقبال کیا گیا اور آخرمیں انہوں نے اپنے اپنے تاثرات بیان کیے۔ نظامت کے فرائض محمد شہنوازنے انجام دیے اورکلمات تشکر بزم طلبہ کے مشیر ڈاکٹر خورشید آفاق نے ادا کیے۔اس پروگرام میں شعبہ کے جملہ اساتذہ،شعبہ کے فارغین ڈاکٹر محمد تحسین زمان،ڈاکٹر فرزانہ،محمد ارشاد عالم فلاحی،ساجدہ فہد،محمد رئیس،حفصہ بیگم،قدسیہ ناصر ،نیہا رحمن،عالمہ اسلام اورفارحہ تسنیم وغیرہ کے علاوہ ریسرچ اسکالرس،ایم اے،بی اے کے طلبہ وطالبات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔پروگرام کو کام یاب بنانے میںبزم طلبہ کے نائب صدرابوسالم یحییٰ،جنرل سکریٹری محمد حمزہ کے علاوہ علیزہ خان،ذہین خان،صادقہ ارم،محمد اسحق،محمد ریحان،محمد عادل، سکینہ خلود،انس قریشی،محمد مصطفی دانیال،من تشائ، فرحت پروین،رئیس احمد،ناصرہ ساجد،سمیہ،مصباح خان،نہالہ پروین، خنسائ، انیس مشتاق اورناہید نور وغیرہ کا اہم کردار رہا۔