20.1 C
Delhi
January 24, 2025
Hamari Duniya
علاقائی خبریں

پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ساری انسانیت کے لیے ہیں، عید میلادالنبی پر غیر مسلموں کو آپ کی تعلیمات سے متعارف کروانے کاعزم

پریس کانفرنس
ممبئی، 15 ستمبر(ایچ ڈی نیوز)۔
شہر ممبئی کی سماجی، تعلیمی، سیاسی، صحافتی اور ثقافتی میدانوں میں سرگرم متعدد معروف شخصیات اور تنظیموں نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر گزشتہ سال کی طرح امسال بھی 12 روزہ “پیغمبر ﷺ سب کے لیۓ” مہم کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ امسال یہ مہم 16 ستمبر سے شروع ہو کر 28 ستمبر 2023 تک جاری رہے گی۔
منتظمین نے امسال عیدمیلادالنبی ﷺ کے موقع پر “پیغمبرِ سب ک لیے” (پروف فارآل#)، کے عنوان سے غیر مسلموں کو آپ کی شخصیت اور تعلیمات سے متعارف کروانے کی مہم کا آغاز آج یہاں ممبئی پریس کلب میں ہونے والی پریس کانفرنس کے ذریعے کیا۔
اس مہم کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے ایڈووکیٹ یوسف ابرہانی نے میڈیا سے مخاطب ہو کر کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں میں اس بات کی شدت سے ضرورت محسوس کی جارہی ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت اور ان کی تعلیمات کو غیر مسلموں میں بھی عام کیا جائے۔ اللہ کے رسول ﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تمام برادران وطن کو روشناس کرایا جائے تاکہ منفی طور پر پھیلائے جانے والے پروپیگنڈہ کو ختم کیا جا سکے اور غیر مسلموں میں پھیلنے والی غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ملک میں بھائی چارگی کا فروغ ہو، امن کا ماحول قائم ہو اور ساتھ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا ہو ۔
یوسف ابرہانی نے لوگوں سے اپیل کی کہ خاص طور اپنے غیر مسلم دوست احباب، متعلقین، تنظیموں کے سربراہان اور سماجی زندگی میں کام کرنے والے غیرمسلم ساتھیوں کو اپنے گھروں اور تنظیموں میں میں کھانے کی دعوت پر بلایں اور ان کے سامنے رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات کو عام کریں۔
اس مہم کے کور کمیٹی کے رکن اور مشہور سماجی کارکن سعید خان نے مزید کہا کہ اللہ کے رسول حضرت محمد ﷺ کے دوستی، امن اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کے لیے مذکورہ مہم کے دوران شہر اور مضافات میں غیر مسلم برادران وطن کے مذہبی، سیاسی اور سماجی رہنماؤں، آی آے ایس، آئی پی ایس افسران، بمبئ کارپوریشن کے افسران اور منترالیہ کے افسران وغیرہ کو ظہرانہ یا عشائیہ پر مدعو کیا جائے گا۔ اور اُن کے روبرو نبی کریم کی تعلیمات میں سے بطور خاص سماج سے جڑی تعلیمات مثلاً حقوق انسانی، ماحولیات، خاندانی نظام، عورتوں کے حقوق وغیرہ کو مسلمان اور برادران وطن کے سامنے لانا ہے تا کہ غلط فہمیوں کو دور کیا جاسکے ۔
کور کمیٹی کے ممبر اور ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلس کے صدر عامر ادریسی نے عوامی پروگراموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہم سبھی سے اپیل کرتے ہیں کہ 7 ربیع الاول بروز جمعہ تاریخ 22 ستمبر کو نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہر درود و دعاء کا اہتمام کیا جائے۔  عامر ادریسی نے مزید کہا کہ ہم شہر کی تمام تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ 8 ربیع الاول 23 ستمبر بروز سنیچر کو صبح گیارہ بجے  تمام عوامی مقامات پر رسول اللہ ﷺ کی احادیث مبارکہ اور سیرت کے متعلق پلے کارڈز اور بینرز لے کر کھڑے رہیں۔
مولانا برہان الدین قاسمی اور مولانا اعجاز کشمیری نے بتایا کہ 12 ربیع الاول 28 ستمبر بروز جمعرات کو مساجد کے ذریعے تمام مذاہب کے غریبوں اور ضرورت مندوں کو تحفے اور ضرورت کے سامان تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے ائمہ مساجد سے اپیل کی کہ وہ بڑے پیمانے پر اس مہم کا حصہ بنیں اور غیر مسلم برادران وطن کو اپنے سے قریب لانے کی کوشش کریں۔
صابو صدیق کالج پالیٹیکنک کی پرنسپل زیبا ملک  نے کہا کہ سوشل میڈیا پر حضور ﷺ کی احادیث مبارکہ اور اسلامی تعلیمات پر مبنی میسجز کے ذریعے نوجوان نسل اور خصوصی طور پر برادران وطن کو بھی راغب کیا جا سکتا ہے۔ آپ سبھی سے اپیل ہے کہ آپ سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کریں اور اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو عام کریں۔ ماہنامہ گل بوٹے کے مدیر اور مہم کے کور کمیٹی کے ممبر فاروق سید نے کہا کہ ممبئی شہر کی تمام اسکول اور کالج بھی اس مہم میں شریک ہو رہے ہیں۔ ان تمام سکولوں میں طلبہ کے لیے سیرت پر مبنی مختلف مقابلے منعقد کئے جا رہے ہیں۔
کور کمیٹی کے رکن نظام الدین رائن نے کہا کہ اس موقع پر انگریزی، ہندی، مراٹھی اور گجراتی اخبارات کے سینئر صحافیوں اور مصنفین کو عشائیہ پر مدعو کیا جا رہا ہے اور اس کا مقصد اُن کے روبرو نبی کریم  کی تعلیمات میں سے بطور خاص سماجیات سے جڑی تعلیمات مثلا حقوق انسانی ، ماحولیات ، خاندانی نظام ، عورتوں کے حقوق وغیرہ کو مسلمان اور برادران وطن کے سامنے لانا ہے تا کہ غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جاسکے ۔
مہم کے ایک اہم رکن فرید خان نے کہا کہ 23 ستمبر کو ڈاکٹر عظیم الدین کی کوششوں اور میرا روڈ کی مختلف تنظیموں کے اشتراک سے ہم غیر مسلم شعراء کا ایک نعتیہ مشاعرہ منعقد کر رہے ہیں۔ اور ساتھ ہی ساتھ ماہم درگاہ کے اشتراک سے 22 اور 23 ستمبر کو درگاہ کیمپس میں اسلامی آرٹ، کیلی گرافی اور پوسٹر ایگزیبیشن بھی منعقد کر رہے ہیں اور ان دونوں پروگراموں میں خصوصی طور پر غیر مسلم شائقین کو مدعو کیا جارہا ہے۔
پروفیسر قاسم امام نے کہا کہ اس مہم کو سماج کے ہر طبقے کی طرف سے بہت زبردست رسپانس مل رہا ہے۔ شہر کے ڈاکٹرز حضرات مل کر ایک بڑی میٹنگ کر رہے ہیں جس میں یہ اعلان کیا جائے گا کہ ان 12 دنوں میں سے کسی ایک دن یہ سارے ڈاکٹرز تمام مریضوں کا مفت علاج کریں گے۔گلوبل کیئر فاؤنڈیشن کے صدر عابد احمد کہا کہ اس کے علاوہ شہر کی دوسری اور بہت ساری تنظیمیں اور سرکردہ افراد اس مہم کے بینر تلے بہت سارے اسی طرح کے پروگرام منعقد کر رہے ہیں۔
پریس کانفرنس میں مہم کے ایک نوجوان رکن علی بھوجانی نے نظامت کے فرائض انجام دیے اور میڈیا کے نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپیل کی کہ میڈیا کی مدد سے اس عظیم کام کو بڑے پیمانے پر کیا جا سکتا ہے۔
پریس کانفرنس میں موجود دیگر منتظمین نے بھی اس مہم کے تحت ہونے والے مزید پروگراموں کی تفصیلات پیش کی اور کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ان تمام باتوں کو اور ان تمام پروگراموں کی تفصیل ہے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک شئیر کی جائے گی۔

Related posts

ضلع شاملی:عید گاہوں اور معروف مساجد میں عیدالاضحیٰ کی نماز دوگانہ اندرونی حصوں میں ادا کی جائے گی۔

ضلع شاملی کی عید گاہ سمیت معروف مساجد کے اوقات مندرجہ ذیل ہیں۔:

Hamari Duniya

الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ گروپ) کے بانی ذاکر حسین نے خون عطیہ کر بچائی مریض کی جان

Hamari Duniya

جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر نے ریاستی اسپتالوں میں ہورہی اموات کے لیے جوابدہی کا مطالبہ کیا ہے

Hamari Duniya