نئی دہلی،28دسمبر
وزیر اعظم نریندر مودی کی ماں ہیرا بین کی طبیعت بگڑنے پر انہیں اسپال میں داخل کرایا گیا ہے۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق منگل کی رات طبیعت بگڑنے پر انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی وزیر اعظم احمدآباد کے لئے روانہ ہو گئے ایئر پورٹ سے وہ سیدھے اسپتال پہنچیں گے۔
اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم کی والدہ کو احمد آباد کے یو این مہتا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ،یو این مہتا انسٹیٹیوٹ آف کارڈیا لاجی اینڈ ریسرچ سینٹر نے بتایا کہ وزیر اعظم کی ماں کی حالت ابھی مستحکم ہے۔
دریں اثنا کانگریس رہنما راہل گاندھی نے ایک جذباتی پیغام ٹوئٹ کر کے وزیر اعظم نریندر مودی کے لئے ہمدردی کااظہار کیا ہے۔راہل گاندھی نے لکھا کہ
‘ماں اور بیٹے کے درمیان محبت لازوال اور انمول ہے۔ مودی جی، اس مشکل وقت میں میری محبت اور حمایت آپ کے ساتھ ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ کی والدہ جلد صحت یاب ہو جائیں گی۔ راہل گاندھی کا یہ ٹوئٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور ہر طرف راہل گاندھی کے اظہار ہمدردی کی ستائش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم کی ماں ہیرا بین99 سال کی ہیں ۔وزیر اعظم نے جون میں اپنی ماں کی 99ویں سالگرہ پر ان سے ملاقات کی تھی اور اس موقع پر انہوں نے ماں نامی ایک جذباتی بلاگ بھی تحریر کیا تھا۔ غور طلب ہے کہ وزیر اعظم اپنی ماں کے ساتھ اکثر وقت گزارنے نظر آتے ہیں۔دونوں ماں بیٹے کی تصویریں اکثر میڈیا کی زینت بنتی ہیں۔