نئی دہلی(ایچ ڈی نیوز)۔
تہواروں کے موقع پر اپنے شہراور علاقہ کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، پھر بھی اس بھاگتی دوڑتی زندگی میں ہم سب جلد بازی میں یا سستی کاہلی کی وجہ سے یہ بھول جاتے ہیں کہ ہماری ایک غلط حرکت کی وجہ سے لوگوں کو کتنی پریشانیاں ہورہی ہوں گی۔ اور ہم اپنی گاڑیوں کو روڈ پر ہی ادھر ادھر پارک کردیتے ہیں، اور اپنی دوکانوں کو بھی غیرقانونی طریقے روڈ پر بڑھا دیتے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو آنے جانے میں کافی پریشانیاں ہوتی ہیں۔
اسی طرح صدر بازار علاقہ میں آئے دن لوگ ٹریفک جام جیسے مسائل پر دوچار رہتے ہیں اور ان کے مسائل کو سننے والا کوئی نہیں ہے۔ نہ تو دہلی حکومت اس پر توجہ دیتی ہے اور نہ ہی ایم سی ڈی اس مسئلہ کو حل کرنا چاہتی ہے۔ اور یہ مسئلہ مزید بڑھ جاتا ہے جب تہوار کا موسم آتا ہے۔ آج کل دیوالی کاتہوار آنے والا ہے اور بازاروں میں زبردست بھیڑدیکھی جارہی ہے۔ اس موقع پر لوگوں کے ذریعہ غلط طریقے سے روڈ پر دوکان اور گاڑی پارک کرنے کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔انہیں پریشانیوں کو حل کرنے کیلئے پرانی دہلی کے صدر بازار اور باڑہ ہندوراؤ کے معروف سماجی کارکن اور این ایس ایس کے ڈپٹی کنوینر عامر خان باڑہ ہندو راؤ تھانہ کے ایس ایچ او کے ساتھ مل کر لوگوں کی مدد کیلئے روڈ پر اتر گئے اور غیر قانونی طور پر پارکنگ کی حوصلہ افزائی کے خلاف کارروائی کی۔
اس موقع پر این ایس ایس کے ڈپٹی کنوینر عامرخان نے کہاکہ تہوار کے موسم میں بازاروں میں کافی بھیڑ بڑھ جاتی ہےخاص کر صدر بازار میں تو خریداروں کی زبردست بھیڑ ہوتی ہے۔ایسے موقع پر کچھ لوگ جان بوجھ کر یا انجانے میں اپنی گاڑیوں کو روڈ پر پارک کردیتے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو ٹریفک جام جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور لوگ کئی کئی گھنٹوں جام میں پھنسے رہتے ہیں۔ ان پریشانیوں کو دور کرنا ہم سب کی ذمہ اری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس سلسلے میں خود سوچنا چاہئے کہ وہ کوئی ایسا کام نہ کریں جس کی وجہ سے کسی کو کوئی تکلیف نہ پہنچے۔