16.1 C
Delhi
January 21, 2025
Hamari Duniya
Breaking News قومی خبریں

پارلیمنٹ میں ہائی وولٹیج ڈرامہ، حکمراں جماعت اوراپوزیشن ارکان پارلیمنٹ پولیس تھانے پہنچے

BJP Congress

نئی دہلی، 19 دسمبر۔ جمعرات کو پارلیمنٹ میں حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے ارکان کے درمیان ہائی وولٹیج ڈرامہ دیکھنے کو ملا۔ بابا صاحب کی توہین کو لے کر بی جے پی اور کانگریس کے درمیان تنازعہ اس حد تک بڑھ گیا کہ معاملہ تھانے تک پہنچ گیا۔ دونوں پارٹیوں نے پارلیمنٹ کے باہر مبینہ ہاتھا پائی کے بعد ایک دوسرے پر مارپیٹ اور بدسلوکی کا الزام عائد کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی۔
بی جے پی کی جانب سے لوک سبھا حلقہ سے ممبر پارلیمنٹ انوراگ سنگھ ٹھاکر نے ساتھی ممبران پارلیمنٹ بانسوری سوراج اور ہیمانگ جوشی کے ساتھ کانگریس پارٹی کے لیڈر راہل گاندھی پر بی جے پی ممبران پارلیمنٹ کو دھکا دینے اور زخمی کرنے کا الزام عائد کر تے ہوئے سنسد مارگ پولیس اسٹیشن میں راہل گاندھی کے خلاف بی این ایس کی دفعہ 109، 115، 117، 125، 131 اور 351 کے تحت شکایت درج کرائی گئی۔ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ مغرور راہل گاندھی خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ انوراگ سنگھ ٹھاکر نے الزام عائد کیا کہ جب این ڈی اے کے ممبران پارلیمنٹ پرامن احتجاج کر رہے تھے، راہل گاندھی جی نے انہیں دھکا دے کر زخمی کر دیا، جس کی وجہ سے بی جے پی کے دو ممبران پارلیمنٹ اسپتال میں داخل ہیں۔ راہل گاندھی کو قانون کی خلاف ورزی کی عادت ہے۔ قتل کی کوشش کی دفعات کے تحت شکایت درج کرائی گئی ہے۔ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ کانگریس کھسیانی بلی کھمبا نوچے کی ذہنیت میں ہے۔ راہل گاندھی کا یہ سلوک نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ یہ پارلیمانی وقار اور امن و امان کو بھی چیلنج کرتا ہے۔ اس دھچکے میں مکیش راجپوت سر کے بل گرے ، پرتاپ چندر سارنگی کا سر پھٹ گیا۔ راہل گاندھی نے جسمانی حملہ اور اکسانے کا کام کیا ہے۔
وہیں، کانگریس نے بی جے پی لیڈروں کے خلاف سنسد مارگ پولیس اسٹیشن میں جمعرات کو شکایت درج کروائی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ بی جے پی لیڈروں نے پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے کے ساتھ بدتمیزی کی۔شکایت کی ایک سینئر پولیس افسر نے تصدیق کی۔دگ وجے سنگھ، مکل واسنک، راجیو شکلا اور پرمود تیواری سمیت کانگریس ممبران پارلیمنٹ کے ایک وفد نے انفرادی طور پر شکایت درج کروائی۔ اس وقت بی جے پی لیڈروں کا ایک گروپ نئی دہلی کے ڈی سی پی دیویش کمار مہلا سے ملاقات کر رہا تھا، جس سے کانگریس لیڈروں کو شکایت درج کرانے سے پہلے اے سی پی کے کمرے میں انتظار کرناپڑا۔ پولیس نے شکایت موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔ پرمود تیواری نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 84 سالہ دلت لیڈر ملکارجن کھڑگے کو دھکا دیا گیا اور گالی دی گئی۔ ہم اس حرکت کے خلاف شکایت درج کرانے آئے ہیں۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو لکھے ایک خط میں کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے اس واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امت شاہ کے تبصرے پر منگل کو پارلیمنٹ میں ہنگامہ شروع ہوا، جہاں انہوں نے بار بار کانگریس پر بی آر امبیڈکر کی توہین کاالزام عائد کرتے ہوئے نشانہ بنایا۔ راجیہ سبھا میں اپنی تقریر میں شاہ نے کہا کہ اگر انہوں نے اتنی بار بھگوان کا نام لیا ہوتا تو انہیں سورگ میں جگہ مل جاتی، جب کہ بی جے پی نے کہا کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔

Related posts

مسلم پرسنل لا بورڈ کو نشانہ بنانے کی کوئی بھی کوشش قابل قبول نہیں: مولانا محمود اسد مدنی

Hamari Duniya

عالمی کپ میں بھارت سے شکست کوہضم نہیں کرپارہا ہے پاکستان ،بابرکی کپتانی پر تنقید

Hamari Duniya

تھائی لینڈ کا سابق پولس افسر بنا بھیڑیا، لے لی 38 معصوموں کی جان

Hamari Duniya