نئی دہلی۔ ہندوستان کے سرکردہ کیو کھلاڑی پنکج اڈوانی نے عالمی چیمپئن شپ کے 150 اپ بلیئرڈس فائنل میں ہم وطن سورو کوٹھاری کو 0-4 سے شکست دے کر اپنا 25 واں عالمی خطاب جیت لیا۔اڈوانی نے بہت پہلے اپنے ارادوں کو واضح کر دیا تھا۔ انہوں نے پہلا فریم 149 بریکس کے ساتھ لیا جبکہ ان کے حریف نے ایک بھی پوائنٹ حاصل نہیں کیا تھا۔
کوٹھاری محدود مواقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہنے کے بعد دوسرا فریم اڈوانی کے حق میں چلا گیا۔ 77 کے بریک کی مدد سے اڈوانی نے 0-2 کی برتری حاصل کی۔اڈوانی نے تیسرے فریم میں 153 کا سب سے زیادہ بریک بناتے ہوئے 0-3 کی سبقت لے لی۔
چوتھے فریم میں اڈوانی نے 86 اور 60 کے بریک کے ساتھ 0-4 سے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔کوٹھاری کے فائنل میں کل 72 پوائنٹس تھے، جبکہ اڈوانی نے لگاتار پانچویں سال اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے 600 سے زیادہ پوائنٹس حاصل کیے۔ وبائی امراض کی وجہ سے، ایونٹ کا آخری بار 2019 میں انعقاد کیا گیا تھا اور اسے تین سال کے وقفے کے بعد دوبارہ منعقد کیا گیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی اڈوانی نے ایک ہی کیلنڈر سال میں ریکارڈ پانچویں بار بلیئرڈس نیشنل- ایشین- ورلڈ گولڈن ٹارگٹ مکمل کیا۔جیت کے بعد اڈوانی نے کہا، ”مسلسل پانچ بار عالمی اعزاز کا دفاع کرنا ایک خواب ہے۔ اس سال جس طرح میں نے بلیئرڈ کے ہر ایونٹ میں شرکت کی اور جیتی ہے اس سے میں واقعی خوش ہوں۔ اپنے ملک کو عالمی سطح پر ایک اور گولڈ میڈل دلانے پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔“اڈوانی کا آخری عالمی اعزاز 12 ماہ قبل قطر میں ا?یا تھا، جہاں انہوں نے ا?ئی بی ایس ایف 6- ریڈ اسنوکر ورلڈ کپ جیتا تھا۔