سڈنی (ایچ ڈی نیوز)۔
آئی سی سی ٹی 20 عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شرمناک شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ پاکستان کے لئے خوشی کی بات یہ ہے کہ ان کے دونوں سلامی بلے باز آخری موقع پر فارم میں واپس آگئے ہیں۔
پاکستان نے ٹی 20 ورلڈکپ 2022 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 153 رنز کا ہدف پاکستان نے آخری اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کے لیے اس ورلڈکپ میں بھی سنچری اوپننگ پارٹنرشپ کی۔
بابر اعظم کے بلے نے رنز اگلے اور انہوں نے 42 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔ پاکستان ٹیم کو پہلا نقصان 105 رنز پر اٹھانا پڑا جب بابر اعظم 53 رنز بنا کر پویلین لوٹے جنہیں اننگز کے 13ویں اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے کیچ آؤٹ کروایا۔
ان کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، لیکن ان کے ساتھ محمد حارث نے محتاط انداز میں بیٹنگ جاری رکھی۔ محمد رضوان 57 رنز بنا کر 17ویں اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 132 تھا۔
محمد حارث اور ان کے ساتھ شان مسعود نے ٹوٹل 151 رنز تک پہنچا دیا، تاہم جیت سے 2 رنز قبل محمد حارث کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے قابلِ ذکر 26 گیندوں پر 30 رنز بنائے تھے۔ شان مسعود نے وننگ رن لے کر ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کے فائنل میں پہنچا دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 2 اور مچل سینٹنر نے ایک وکٹ لی۔ اس سے قبل سڈنی میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کی دعوت ملنے پر پہلے اوور میں ہی شاہین شاہ آفریدی نے کیوی اوپنر کو واپس پویلین بھیج دیا۔
میچ کی تیسری گیند پر شاہین آفریدی نے فن ایلن کو 4 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔نیوزی لینڈ کے جارحانہ بیٹر ڈیون کونوے کو چھٹے اوور میں شاداب خان نے رن آؤٹ کیا۔محمد نواز نے 8 ویں اوور میں 49 کے اسکور پر اپنی ہی گیند پر کیوی بیٹر گلین فلپس کا کیچ پکڑ کر پاکستان کو تیسری کامیابی دلوائی۔شاہین شاہ آفریدی نے 17 ویں اوور میں ڈیرل مچل اور کین ولیمسن کی پارٹنرشپ کو تورٹے ہوئے پاکستان کے لیے چوتھی وکٹ حاصل کی۔شاہین شاہ آفریدی نے 117 کے مجموعی اسکور پر ولیمسن کو 46 رنز پر بولڈ کیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ڈیرل مچل 53 اور جیمز نیشم 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔