پرتھ: زمبابوے نے جمعرات کو آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف ایک رن سے سنسنی خیزجیت درج کرکے بڑا الٹ پھیر کردیا۔ اس دلچسپ میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 130 رن بنائے۔ جواب میں پاکستان کی ٹیم 20 اوور میں 8 وکٹوں پر صرف 129 رن بنا سکی۔
131 رن کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور 8 اوورز میں 36 کے اسکور پر محمد رضوان (14)، کپتان بابر اعظم (04) اور افتخار احمد (05) پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد شان مسعود اور شاداب خان نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی اور ٹیم کا اسکور 88 تک پہنچا دیا۔ اس اسکور پر شاداب خان کو سکندر رضا نے اپنا شکار بنایا۔ شاداب نے 14 گیندوں میں 1 چھکے کی مدد سے 17 رن بنائے۔ اگلی ہی گیند پر رضا نے حیدر علی (00) کو پویلین بھیج کر پاکستان کو ایک اور جھٹکا دیا۔ شان مسعود بھی 94 کے مجموعی اسکور پر 44 رن بنانے کے بعد رضا کا تیسرا شکار بنے۔
پاکستان کو آخری اوور میں 11 رن درکار تھے اور اس اوور میں بریڈ ایونس نے 09 رن دے کرمحمد نواز (22) کی وکٹ لی۔ پاکستان کو میچ کی آخری گیند پر 3 رن درکار تھے لیکن شاہین شاہ آفریدی دوسرے رن پر رن آو¿ٹ ہو گئے اور زمبابوے نے 1 رن سے تاریخی جیت درج کی۔
زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا نے 3، بریڈ ایونس نے 2، بلیسنگ مجربانی اور لیوک جونگوے نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میڈویر اور کپتان کریگ ارون نے زمبابوے کو اچھا آغاز دلایا، 4.5 اوورز میں 42 رن جوڑے۔ پانچویں اوور کی آخری گیند پر حارث رو¿ف نے ارون (19) کو چلتا کر دیا اور پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ دوسری جانب محمد وسیم نے میڈویر (17) کو چلا کر پاکستان کو دوہری کامیابی دلائی۔ اس کے بعد زمبابوے کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، حالانکہ شان ولیمز نے ایک سرے سے تھوڑی جدوجہد کی اور 31 رن بنائے۔ زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 130 رن بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے 4، شاداب خان نے 3 اور حارث رو¿ف نے ایک وکٹ حاصل کی۔