لندن۔ برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر نیوکلیئر بم بنانے کے لیے استعمال ہونے والے یورینیم سے ہلچل مچ گئی۔ یورینیم کا یہ پیکٹ پاکستان سے عمان کے راستے برطانیہ پہنچا تھا۔ سیکیورٹی اداروں نے یورینیم قبضے میں لے کر انسداد دہشت گردی کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ واقعے کے بعد کئی ممالک کے سیکیورٹی اور تفتیشی ادارے بھی الرٹ ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر اس وقت ہلچل مچ گئی جب ایک پیکٹ میں یورینیم موجود پایا گیا۔ مذکورہ پیکٹ ایران سے منسلک برطانیہ میں قائم فرم کے پتے پر بھیجا گیا تھا۔ مذکورہ پیکٹ پاکستان میں بنایا گیا تھا جسے عمان کے راستے برطانیہ بھیجا گیا تھا۔ یورینیم کی برآمدگی کے بعد ہوائی اڈے پر سیکیورٹی فورسز نے برطانیہ کی انسداد دہشت گردی کمانڈ کے حکام سے رابطہ کیا۔ کمانڈر رچرڈ سمتھ نے یورینیم کے ملنے کی تصدیق کی اور یقین دلایا کہ اس سے عوام کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے تاہم ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔
درحقیقت ایٹم بم سے لے کر جوہری توانائی کی پیداوار تک ہر چیز کے لیے یورینیم کا استعمال ہوتا ہے اور یہ کافی خطرناک ہے۔ اسی وجہ سے برطانیہ میں انسداد دہشت گردی کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، کئی دیگر ممالک کی تحقیقاتی ایجنسیاں بھی الرٹ ہو گئی ہیں۔ یورینیم کی مکمل نقل و حرکت کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ پیکٹ کا تعلق پاکستان سے ہونے کی وجہ سے اسے دہشت گرد تنظیموں سے جوڑ کر بھی تفتیش کی جارہی ہے۔ دریں اثناء پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ نے کہا ہے کہ مذکورہ پیکٹ پاکستان سے نہیں بھیجا گیا۔