اسلام آباد،09فروری : پاکستان میںگزشتہ روز ہونے والے عام انتخابات میں بڑے بڑے رہنماوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق اب تک آئے نتائج میںسب سے زیادہ 91 پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار وںنے کامیابی حاصل کی ہے۔ جبکہ نواز شریف کی پارٹی مسلم لیگ کو63سیٹیں ملی ہیں۔ وہیں آصف علی زرداری کی پارٹی کو اب تک50سیٹیں حاصل ہوچکی ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے حالانکہ وہ ایک سیٹ پر مشکل سے پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ امیدوار سے جیت سکے ہیں۔ پی پی پی کے رہنما اور سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو بھی ایک سیٹ سے شکست کھا گئے ہیں۔سابق وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اپنے آبائی حلقے ڈیرہ اسماعیل خان سے ہار گئے جبکہ حلقہ این اے 44 ڈی آئی خان سے ان کے مدمقابل علی امین گنڈا پور کو فتح ہوئی۔(ن) لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق حلقہ این اے 122 سے ہار گئے جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتی آزاد امیدوار سردار لطیف کھوسہ جیت گئے ہیں۔استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں (لودھراں اور ملتان) سے ہار گئے۔گجرات میں پی ٹی آئی کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی کو سالک حسین کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے سربراہ پرویز خٹک کو قومی اور صوبائی اسمبلی کی دونوں نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو لوئر دیر 1 سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 6 سے کامیابی حاصل نہ ہوئی۔عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان کو ارسدہ سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 25 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی سینئر نائب صدر حیدر خان ہوتی کو مردان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 22 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سابق وزیراعلیٰ پختونخوا محمود خان بھی سوات پی کے 10 سے الیکشن میں کامیاب نہیں ہو سکے۔شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہربانو قریشی بھی اپنی نشست نہ جیت سکیں۔پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ ملک کو لاہور کے حلقے این اے 118 سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔شیخوپورہ کے حلقہ این اے 115کے غیر حتمی غیر سرکاری مکمل نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف کو شکست ہوگئی ہے سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور پشاور کے حلقے این اے 32 سے ناکام رہے۔