اسلام آباد،20جنوری۔ آخر کارپاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے دوسری شادی کرلی ہے، یہ شادی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ان کی ثانیہ مرزا سے الگ ہونے کی خبریں سامنے آرہی تھیں۔ شعیب ملک نے پاکستانی اداکارہ ثناءجاوید کو اپنا ہم سفر منتخب کیا ہے۔ اور ایک تقریب کے دوران شادی ہوئی۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شعیب ملک نے پوسٹ شیئر کر کے اپنی دوسری شادی کا اعلان کیا ہے۔شعیب ملک نے اپنی دوسری شادی کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔
بدھ کو ہی ثانیہ مرزا نے ایک پر اسرار پوسٹ شیئر کی، جس سے ان کے اور شعیب ملک کے ساتھ طلاق کی افواہیں تیز ہوگئی تھیں۔ ثانیہ نے لکھا تھا کہ شادی مشکل ہے، طلاق مشکل ہے، اپنا مشکل چنیں، موٹاپا مشکل ہے، فٹ رہنا مشکل ہے، اپنا مشکل چنیں، قرض میں ڈوبنا مشکل ہے، اقتصادی طور پر نظم وضبط بنائے رہنا مشکل ہے۔ اپنا مشکل چنیں، مواصلات مشکل ہے، بات چیت نہ کرنا مشکل ہے، اپنا مشکل چنیں، زندگی کبھی آسان نہیں ہوگی، یہ ہمیشہ مشکل رہے گی، لیکن ہم اپنی محنت چن سکتے ہیں۔ ثانیہ نے اپنی انسٹا گرام کہانیوں پر جو جملے شیئر کئے ہیں اس میں کہاگیا ہے کہ عقلمندی کو منتخب کریں۔یہ قیاس آرائیاں اور تیز ہوگئی تھیں جب ثانیہ مرزا نے اپنے انسٹا گرام سے شعیب ملک کے ساتھ اپنی زیادہ تر حالیہ تصاویرکو ڈیلیٹ کردیا تھا۔8جنوری کو انہوں نے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا، جب کوئی چیز آپ کے دل کے سکون کو خراب کرتی ہے، تو اسے جانے دیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے پوسٹ کے کیپشن میں اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے ’الحمد للّٰہ‘ لکھا اور ساتھ میں قرآنی آیت بھی شیئر کی ہے۔