اسلام آباد 16فروری(ایچ ڈی نیوز)۔
پاکستانی کرکٹ کو لگتا ہے کہ شعیب اختر کا متبادل مل گیا ہے۔ ویسے پاکستانی کرکٹ میں تیز گیند بازوں کی کمی نہیں رہی ہے۔ اس وقت پاکستانی ٹیم میں شاہین آفریدی، حسن علی، حارث رؤوف سے لیکر نسیم شاہ پاکستانی کرکٹ میں اپنی تیز گیند بازی سے میدان لوٹ رہے ہیں۔ لیکن اس لسٹ میں ایک اور پاکستانی نوجوان تیز گیند باز کا نام شامل ہوگیا ہے۔ 20 سالہ احسان اللہ نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں اپنی گیند سے بلے بازوں کا برا حال کر رکھا ہے۔ احسان اللہ کو پاکستان کرکٹ کی ا مستقبل بھی کہا جارہا ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں احسان ملتان سلطان کی ٹیم کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کویٹہ گلیڈیٹرس کے خلاف میچ میں اپنی تیز گیند بازی سے دھوم مچایا اور ایک میڈن سمیت 5 وکٹ حاصل کرکے بلے بازوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔
پی ایس ایل 2023 کے تیسرے میچ میں کوئیٹہ گلیڈیٹرس کے خلاف میچ میں 20 سال کے گیند باز نے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کے رفتار کے ساتھ گیندبازی کرکے میدان لوٹ لیا۔ یہی نہیں احسان اللہ نے جس انداز میں پانچ وکٹ لئے وہ بھی کمال کا رہا۔ خاص کر اپنی گیند پر جس طرح سے انہوں نے پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد کو بولڈ کیا وہ گیند دیکھنے لائق تھی۔
احسان اللہ کو ان کی شاندار گیندبازی کے لئے پلیئر آف دی میچ کے خطاب سے نوازا گیا۔ ان کے ذریعہ میچ میں لئے گئے 5 وکٹ کا ویڈیو پاکستان سپر لیگ کے ٹوئٹر پر شیئر کیا گیا ہے۔مداح بھی اس پاکستانی گیند باز کی تیز رفتار والی گیند کو دیکھ کر حیران ہیں۔ سوشل میڈیا پر مداح اب ان کا موازنہ عمران ملک اور شعیب اختر سے کررہے ہیں۔ پاکستانی کرکٹ فینس کو لگتا ہے کہ انہیں اگلا شعیب اختر مل گیا ہے۔