سدھارتھ نگر، 07 فروری( ایچ ڈی نیوز)۔
حکومت سعودی عرب کی اسلامی خدمات بے شمار ہیں، خدمات کا دائرہ بہت وسیع ہے جس سے سبھی واقف ہیں
انہیں اعلی کارناموں اور عظیم خدمات میں قرآن کریم کی خدمت بھی ہے۔ اس میں تعلیم وتعلم، قرأت و تلاوت تحفیظ تجوید، ترجمہ وتفسیر اور اس کی طباعت وتقسیم اور وسیع پیمانہ پر نشرواشاعت سب شامل ہیں،متعدد زبانوں میں تراجم معانی القرآن الکریم اور اس کی بلا قیمت نشرواشاعت ملک فہد کمپلیکس برائے طباعت قرآن کریم کا شاندار اور بے نظیر کارنامہ ہے، جس پر بجا طور پر فخر و ناز کیا جا سکتا ہے۔
خدمت کتاب اللہ میں ملکی اور بین الاقوامی مسابقات حفظ و تجوید قرآن کریم کا انعقاد اور فائزین کے درمیان بیش قیمت انعامات کی نوازش وغیرہ ایک زریں خدمت کے طور پر تاریخ میں درج ہے اور یہ سلسلے رواں دواں ہیں،10/11 فروری 2024ءکو کاٹھمانڈو،نیپال میں مسلم آیوگ کے زیرِ نگرانی آل نیپال مسابقہ اسی سلسلے کی ایک سنہری کڑی ہے، جس میں سینکڑوں طلبہ وطالبات شرکت کرنے جا رہے ہیں جس میں کامیابی سے ہم کنار ہونے والےطلبہ و طالبات پر انعامات کی بارش ہوگی۔ اللہ تعالیٰ اس مسابقہ کو کامیاب بناۓ اور تمام ذمہ داروں کو جزاۓ خیر دے۔