نئی دہلی ، 16 جولائی (ایچ ڈی نیوز)۔
عام آدمی پارٹی (اے اے پی) بنگلورو میں اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں شرکت کرے گی۔ پارٹی نے یہ اعلان آرڈیننس کے معاملے پر کانگریس کی حمایت کے بعد کیا۔
آپ لیڈر راگھو چڈھا نے اتوار کو صحافیوں کو بتایا کہ ان کی پارٹی پیر کو بنگلورو میں ہونے والی اپوزیشن اتحاد کی میٹنگ میں شرکت کرے گی۔ اس سے قبل کانگریس نے واضح کیا تھا کہ پارٹی پارلیمنٹ میں دہلی میں افسران کی تقرری اور تبادلے سے متعلق آرڈیننس کی مخالفت کرے گی۔آپ نے آج اپنی سیاسی امور کمیٹی کی میٹنگ کی۔ جس میں اپوزیشن اتحاد کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا۔
میٹنگ کے بعد راگھو چڈھا نے کہا کہ کانگریس نے واضح کر دیا ہے کہ وہ دہلی آرڈیننس کی مخالفت کرے گی۔ ہم اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ آپ 17 اور 18 جولائی کو بنگلورو میں ہونے والی اپوزیشن کی مشترکہ میٹنگ میں شرکت کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بہار میں ہوئی اپوزیشن اتحاد کی میٹنگ میںآپ نے کانگریس سے آرڈیننس پر وضاحت طلب کی تھی اور دھمکی دی تھی کہ اگر کانگریس نے حمایت نہیں کی تو پارٹی اپوزیشن اتحاد کی میٹنگ میں شرکت نہیں کرے گی۔کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے صحافیوں کو بتایا کہ بی جے پی حکومت ملک کے وفاقی ڈھانچے کو تباہ کر رہی ہے۔ منتخب حکومت کے کام میں گورنر اورلیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے مداخلت کی جارہی ہے۔ کانگریس اس کی واضح مخالفت کرتی ہے۔ ہم آرڈیننس کی مخالفت کریں گے۔
اے اے پی کا ماننا ہے کہ راجیہ سبھا میں بی جے پی کے پاس اکثریت نہیں ہے۔ ایسے میں اگر اپوزیشن مل کر آرڈیننس کی مخالفت کرتی ہے تو اسے پاس ہونے سے روکا جا سکتا ہے۔ دہلی آرڈیننس کے مطابق ریاست میں افسران کے تبادلے اور تقرری وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں ایک کمیٹی کرے گی۔ تاہم لیفٹیننٹ گورنر کے پاس کمیٹی کے فیصلے کو کالعدم کرنے کا اختیار ہوگا۔
