موتیہاری ڈایٹ میں زبان کی مہارتوں کے فروغ کے لئے یک روزہ ورکشاپ
موتیہاری، 08 فروری: اسٹیٹ کاؤنسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ ،مہندو ،پٹنہ کی ہدایات کے مطابق 8فروری بروز سنیچر کو مشرقی چمپارن کے ضلع تعلیمی وتربیتی ادارہ (DIET) موتیہاری میں مختلف زبانوں کی مہارتو ں کے فروغ کے لئے یک روزہ ورکشاپ کا افتتاح کو آرڈینیٹر ڈاکٹر پمی کماری ایسو سی ایٹ پروفیسر موتیہاری ڈایٹ کے ہاتھوں متعلقہ ادارہ کے پرنسپل شرت جین کی سر پرستی میں کیا گیا ۔ یک روزہ زبان کی مہارت سے متعلق ٹریننگ میں ضلع کے مختلف بلاک سے تقریباًً ایک سو بیس اساتذہ نے شرکت کی ۔اس موقع پر ورکشاپ کی نظامت کی ذمہ داری انجام دے رہے ڈاکٹر فخرالدین علی نے کہا کہ کسی بھی زبان کی آموزش سے ہی ہماری ذہنی ،فکری اور سماجی ترقی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی زبان کو سیکھنے کے لئے چار مہارتوں کا ہونا ضروری ہے جسے انگریزی میں LSRWکا نام دیا گیا ہے ۔
ایل ایس آر ڈبلیو کا مطلب سننا ،بولنا، پڑھنا اور لکھنا سے ہے ۔ڈاکٹر فخرالدین علی نے مزید کہا کہ کسی بھی زبان کی آموزش کے لئے یہ چار مہارتیں ضروری ہیں ۔ ورکشاپ کے کو آرڈینیٹر ڈاکٹر پمی کماری اور ڈایٹ موتیہاری کے واءیس پرنسپل سنجے کمار نے ورکشاپ میں موجود اساتذہ کو جانکاری دیتے ہوۓ مشترکہ طور پر کہا کہ بولنا اور لکھنا یہ مہارت کسی بھی شخص کے اظہار خیال سے جڑے ہوتے ہیں جنھیں پروڈکشن مہارت کہا جاتا ہے ۔سننا زبان کی آموزش کی بنیاد ہوتی ہے انسان جو سنتا ہے وہی سیکھتا ہے ،یہ زبانی اطلاعات میں مدد کرتا ہے ۔ڈاکٹر پمی کماری اور سنجے کمار نے مزید کہا کہ انگریزی میں ایل ایس آر ڈبلیو چار مہارتوں کا مجموعہ ہے جو کسی شخص کو دوسروں کے بہتر اور مؤثر طریقے سے گفتگو کرنے،بولی جانے والی زبانوں کو سمجھنے اور ان کی ساخت کو سیکھنے کا راستہ ہموار کرتا ہے ۔ واضح رہے کہ اس موقع پر ڈایٹ کے سبھی ا ساتذہ نے ملک کے تیسرے صدر جمہوریہ اور ماہر تعلیم ڈاکٹر ذاکر حسین کی یوم ولادت کے موقع پر ان کی خدمات کو یاد کرتے ہوءے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔
