این ڈی آر ایف اوراو ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں
وزیر اعلیٰ پٹنائک نے فوری طور پر وزیر ریونیو سمیت دیگر حکام کو موقع پر روانہ کیا۔ریلوے نے ہیلپ لائن نمبر 06782-262286 جاری کیا۔
بھونیشور، 02 جون (ایچ ڈی نیوز)۔
کورومنڈیل ایکسپریس(12841) جمعہ کی شام اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں بہناگا ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔ اس میں 50 سے زیادہ مسافروں کی جان جانے کی اطلاع ہے۔جبکہ350 سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ کورومنڈل ایکسپریس کے ڈبے مال گاڑی کے ڈبوں کے اوپر چڑھ گئے۔ اس حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد این ڈی آر ایف اور او ڈی آر اے ایف اور فائر ڈپارٹمنٹ کی ٹیموں نے مقامی لوگوں کی مدد سے راحت اور بچاو کا کام شروع کر دیا ہے۔ زخمیوں کو بالاسور ضلع کے بہناگا اور سورو میڈیکل کالج اور شدید زخمیوں کو بالاسور کے میڈیکل کالج میں داخل کرایا جا رہا ہے۔ یہاں، ریلوے کی طرف سے ایمرجنسی کنٹرول روم نمبر 06782-262286 جاری کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے حادثے کے بارے میں دریافت کیا ہے۔ انہوں نے ریونیو منسٹر پرمیلا ملک، اسپیشل ریلیف کمشنر ستیہ ورت ساہو اور دیگر اعلیٰ حکام کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت دی ہے۔
اس بڑے حادثے میں پلٹی بوگیوں کے اندر پھنسے مسافروں کو نکالنے کا کام تاحال جاری ہے۔ انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے سینئر افسران ہیمنت شرما، بلونت سنگھ موقع پر روانہ ہو گئے ہیں۔ میڈیکل کالج، بالاسور، ایس سی بی میڈیکل کالج، کٹک اور تین قریبی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتالوں کو زخمیوں اور شدید زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔ این ڈی آر ایف کی تین ٹیمیں، او ڈی آر ایف کی چار ٹیمیں اور فائر ڈپارٹمنٹ کی ٹیموں کے ساتھ 50 ایمبولینسوں کو بچاو ¿ کاموں میں لگایا گیا ہے۔
یہ حادثہ بہناگا ریلوے اسٹیشن پر پنپنا کے قریب پیش آیا۔ اس میں ایکسپریس ٹرین دوسری لائن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد ٹرین کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
اسپیشل ریلیف کمشنر کے دفتر کے مطابق بالیشور میں او ڈی آر اے ایف کی ٹیم کو موقع پر پہنچنے اور بچاو ¿ کام انجام دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بلیشور کے ضلع مجسٹریٹ کو بھی جائے حادثہ پر پہنچ کر انتظامات کرنے کو کہا گیا ہے۔ اگر کسی اضافی مدد کی ضرورت ہو تو فوراً ایس آر سی کو مطلع کریں۔اس کے علاوہ بھدرک سے این ڈی آر ایف کی ٹیم اور پانچ ایمبولینس اور بھدرک سے فائر بریگیڈ کی دو ٹیمیں موقع پر روانہ کی گئی ہیں۔ بالاسور میڈیکل کالج کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی روانہ کی گئی ہے۔
