آستانہ: سابق عالمی نمبر ایک سربیا کے قدآورٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے آستانہ اوپن کے تیسرے خطاب پر قبضہ کرلیا ہے۔ اتوار کو کھیلے گئے خطابی مقابلے میں جوکووچ نے اسٹیفانوس سیتسیپاس کو 6-3، 6-4 سے شکست دے کرخطاب اپنے نام کر لیا۔ میچ 75 منٹ تک جاری رہا۔جوکووچ کی یہ مسلسل نویں میچ جیت تھی۔
انہوں نے صرف ایک ہفتہ قبل اسرائیل میں تل ابیب اوپن کا خطاب جیتا تھا۔ 35سالہ جوکووچ کی یہ ٹور لیول کی 90ویں فتح تھی۔جیت کے بعد جوکووچ نے کہا، ”میں نے واقعی خواب دیکھنے کی ہمت کی۔ مجھے ہمیشہ امید تھی کہ میرا کیریئر شاندارہوگا۔ ظاہر ہے، میں نہیں جانتا تھا کہ میں کتنے فائنل کھیلنے جا رہا ہوں، کتنے ٹورنامنٹ جیتنے جا رہا ہوں۔ لیکن میرا ارادہ ہمیشہ اپنے کھیل میں بلندیوں تک پہنچنے کا تھا“۔
انہوں نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ میں اپنی زندگی کے اس مرحلے پر اتنا اچھا کھیل سکا۔ میں اب 35 سال کا ہوں، مجھے لگتا ہے کہ تجربہ اس قسم کے میچوں اور بڑے مواقع میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔21 بار کے گرینڈ سلیم چمپئن نے کہا ” میں سیزن کے بہتر آغاز کے لیے نہیں کہہ سکتا ، لیکن میں سیزن کو ختم کرنے کے لیے حوصلہ افزا ہوں“۔