سہارنپور، 03 ستمبر(ایچ ڈی نیوز)۔
جامعۃ الطیبات حبیب گڑھ میں ایک تعلیمی نشست منعقد ہوئی جس کی صدارت آل انڈیا دینی مدارس بورڈ کے چیئرمین و جامعۃ الطیبات کے ناظم مولانا محمد یعقوب بلند شہری نے کی۔
میٹنگ کے مہمانِ خصوصی ہند گُرو اکیڈمی نئی دہلی کے ڈائریکٹر نور نواز خان نے تعلیم کی اہمیت وضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر انسان کسی بھی شعبے میں ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا بچوں کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کی اچھی تربیت کرنا بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر اپنے بچوں کی دنیا وآخرت کو بہتر بنانا چاہتے ہو تو اپنے بچوں کو دینی واسلامی ماحول میں رکھ کر دینی و عصری دونوں تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے اساتذہ سے مخاطب ہوکر کہا کہ وہ بچوں کو تعلیم دینے میں اخلاص کے ساتھ اپنا پورا وقت لگائیں اس میں کسی قسم کی کو تاہی نا کریں کیوں کہ بچے ہمارے پاس امانت ہیں ان کو تعلیم دینے میں پورا پورا حق اد اکریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں خود جگہ جگہ اپنے ایسے ادارے قائم کرنے ہوں گے جہاں بچے دینی و اسلامی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری اعلی تعلیم کی منزلوں تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے سہارنپور یا اسکے اطراف میں ایک ایسا معیاری ادراہ جلد ہی قائم کرنے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر میٹنگ کی صدارت فر مارہے مولانا محمد یعقوب بلند شہری نے مہمانِ خصوصی نور نواز خان کی تمام باتوں کو سراہا اور اس مشن میں ان کا پورا پورا ساتھ دینے کا یقین دلایا اور میٹنگ میں تشریف لانے والے سبھی حضرات کا شکریہ ادا کیا ۔
میٹنگ میں حافظ مظفر علی سی،اے شربتیہ پیر ،مفتی محمد ناصر ایوب ندوی خانقاہ بوڑیہ یمنا نگر،مظہر عمرخان ،محمد نظام منیجرگرین لینڈ اسکول،حاجی کلیم الدین دہلی پیلیس،قاری محمد یامین منیجر مدرسہ ذکر القرآن لال مسجد ،عظیم رضا ایڈووکیٹ ،مفتی محمد صادق مظاہری ،محمد اعظم میرپرنسپل نیو موڈرن اسکول حاکم شاہ،مفتی محمدسالم قاسمی،مولانا سعود الظفر مظاہری،مولانا محمود الظفر ندوی،قاری شاہجہاں ،قاری عبد السبحان وغیرہ نے شرکت کی۔