وزیراعلیٰ نتیش کمار اب بی جے پی کا ساتھ چھوڑ کر آرجے ڈی کے ساتھ حکومت بنانے کی تیاری میں ہیں۔ بی جے پی کو دھچکا دینے کی پوری اسکرپٹ لکھی جاچکی ہے۔
نئی دہلی:بہار میں ایک مرتبہ پھر سیاسی الٹ پھیر ہونے جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار اب بی جے پی کا ساتھ چھوڑ کر آرجے ڈی کے ساتھ حکومت بنانے کی تیاری میں ہیں۔ بی جے پی کو دھچکا دینے کی پوری اسکرپٹ لکھی جاچکی ہے۔جے ڈی یو اور بی جے پی نے2020کا بہار اسمبلی الیکشن ساتھ میں مل کر لڑا تھا۔ کم سیٹیں ملنے کے بعد بھی نتیش کمار کو بی جے پی نے وزیراعلیٰ بنایا تھا۔ تب سے ہی دونوں پارٹیوں کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا تھا۔ کئی مدعووں پر دونوں پارٹی کے رہنما الگ الگ بیان بازی کرتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔ اب یہ طے ہوگیا ہے کہ بی جے پی جے ڈی یو کا اتحاد ٹوٹ گیا ہے۔ اس درمیان بی جے پی کے سبھی 16وزراءراج بھون جاکر اپنا استعفیٰ گورنر کو دیں گے۔وزیراعلیٰ نتیش کمار نے بہار کے گورنر سے آج ملنے کا وقت مانگا ہے۔ سمجھا جارہا ہے کہ گورنر سے مل کر نتیش کمار نئے اتحاد کی حکومت بنا کا دعویٰ پیش کرسکتے ہیں۔اس درمیان کانگریس اور بایاں محاذ کے ممبران اسمبلی نے حمایت کا خط تیجسوی یادو کو سونپ دیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ تیجسوی یہ حمایت کا خط نتیش کمار کو دیں گے اور بہار میں اب نئی حکومت بنائی جائے گی۔ نتیش کمار ایک دو دن میں وزیراعلیٰ کے عہدہ کا حلف لیں گے۔