آکلینڈ،20فروری(ایچ ڈی نیوز)۔
نیوزی لینڈ میں سمندری طوفان ’گبرئیل‘ کے بعد متاثرہ علاقوں میں بحالی کی کوششیں جاری ہیں، نارتھ آئی لینڈ میں مزید دو لاشیں ملنے کے بعد اموات کی تعداد 11 ہوگئی۔سمندری طوفان’ گبرئیل‘ سے متاثرہ علاقوں میں5 ہزار افراد اب بھی لاپتہ ہیں جبکہ 62 ہزار افراد کو بجلی کی فراہمی منقطع ہے۔
واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل طوفان ’گبرئیل‘ کے باعث نیوزی لینڈ کے نارتھ آئی لینڈ میں شدید بارشیں ہوئی تھیں۔رپورٹس کے مطابق زیرِ آب علاقوں میں گھروں کی چھت پر موجود 300 افراد کو فوجی ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ ریسکیو کیاگیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سیلابی صورتحال کے باعث 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ ملک کی ایک تہائی آبادی سیلاب سے متاثر ہوئی ہے اور ان کے لیے عام زندگی بھی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے۔ طوفان اور سیلاب کی وجہ سے 1.25 لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہو کر سڑکوں پر آگئے ہیں۔ دراصل درخت گرنے سے کئی گھر تباہ ہو گئے ہیں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کئی مکانات بہہ گئے ہیں۔
ملک بھر میں سڑکیں بند ہونے سے نقل و حرکت متاثر ہوئی ہے۔ شمالی جزیرے کے انتہائی شمال اور مشرقی ساحل پر رہنے والے اس طوفان کی زد میں ہیں۔ ہاکس بے، کورومینڈل اور نارتھ لینڈ جیسے علاقوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ حالات اس حد تک خراب ہو گئے ہیں کہ ہاکس بے کے کچھ رہائشیوں کو اپنے گھروں میں سیلاب آنے کی وجہ سے بچنے کے لیے بیڈروم کی کھڑکیوں سے تیر کر باہر آنا پڑا۔ سیلاب زدہ علاقوں کی فضائی تصاویر میں چھتوں پر پھنسے لوگ امداد کا انتظار کرتے نظر آرہے ہیں۔