سڈنی،(ایچ ڈی نیوز)۔
آسٹریلیا میں کھیلے جارہے ٹی20 عالمی کپ 2022 سے کرکٹ مداحوں کے لئے ایک شاندار خبرسامنے آرہی ہے۔ انہیں انڈیا اور پاکستان کے درمیان فائنل مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔نیدر لینڈ نے زبردست الٹ پھیر کرتے ہوئے اس کا نصف راستہ جنوبی افریقہ کو شکست دے کر طے کردیا ہے۔
دراصل اتوار کی صبح سب سے پہلے نیدر لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان مقابلہ کھیلا گیا۔ اس مقابلے میں نیدر لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 13 رنوں سے شرمناک شکست دے دی۔ اسی کے ساتھ بھارتی ٹیم کی سیمی فائنل میں جگہ پختہ ہوگیا ہے۔ بھارت کا آخری مقابلہ زمبابوے کے خلاف ملبورن میں ہونا ہے۔ اس میں بھارت کو شکست بھی ہوجائے تو اس کا بھارتی ٹیم پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے گروپ ٹو کے میچ میں 159 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقا مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 145 رنز بنا سکی۔
اس سے قبل پہلی اننگز میں نیدرلینڈز کے سلامی بلے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اسٹیفن مائیبرگ 37 رنز، ٹام کوپر 35 اور میکس او ڈاؤڈ 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 3 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد آخر میں کولن ایکرمین ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے 26 گیندوں پر 41 رنز کی عمدہ اننگ کھیلتے ہوئے ناقابلِ شکست رہے۔
اسی طرح نیدرلینڈز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے اور پروٹیز ٹیم کو 159 رنز کا ہدف دیا۔جنوبی افریقا کی جانب سے کیشو مہاراج نے 2، ایڈن مرکرم اور اینریچ نورجے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ٹی 20 عالمی کپ میں دوسری شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے اگر مگر کا شروع ہونے والا سلسلہ اب مکمل طور پر ختم ہو گیا۔ عالمی کپ کے سیمی فائنل میں جانے کے لیے پاکستان کو اب صرف بنگلا دیش کو ہرانا ہوگا۔