دہلی:10جون (ایچ ڈی نیوز):حضرت نظام الدین غالب اکیڈمی نئی دہلی میں واحد ملک گیر اساتذہ کی یونین قومی اردو شکشک کرمچاری سنگھ-بھارت” کا ساتواں مرکزی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت قومی اردو شکشک کرمچاری سنگھ-بھارت کے قومی صدر جناب چودھری واصل علی گرجر نے کی۔ اتر پردیش، اتراکھنڈ، بہار ، چھتیس گڑھ، کشمیر، راجستھان، ہریانہ، مہاراشٹر، تلنگانہ، آندھراپردیش، کرناٹک، اڑیسہ، دہلی، ان اہم ریاستوں کے ریاستی صدور، ریاستی جنرل سیکرٹریز، کچھ اضلاع کے ضلعی صدور کے علاوہ، قومی کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ حافظ صدیق احمد، ایجوکیشن آفیسر مرادآباد۔یو پی، راشد انور صدیقی، بلاک ایجوکیشن آفیسر بنولی۔باغپت، مہمانان خصوصی کے طورپروفیسر ضیاء الرحمن ، اردو ڈپارٹمنٹ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ پرموجود رہے۔بعد تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت پاک سے ہوا ،بعد ازاں قومی کمیٹی کی تشکیل عمل میں آئی۔ مشترکہ طور پر عابد خان حمید خان ناندیڑ اور خادم زبیراحمد نے تحریک صدارت پیش کی اور قومی صدر کا انتخاب 3 ممبران راشد انور صدیقی، حافظ صدیق احمد اور پروفیسر ضیاء الرحمان پر مشتمل الیکشن کمیٹی نے کیا۔ جس میں متفقہ طور پر چودھری واصل علی گرجر کو دوبارہ قومی صدر منتخب کیا گیا۔ قومی صدر کی نگرانی میں قومی کمیٹی کے دیگر ارکان کا انتخاب عمل میں آیا۔ جناب سید مہتاب ابراہیم ،ضلع پربھنی مہاراشٹر کو قومی سینئر نائب صدر اور وکاس کمار رانا،ضلع باغپت اترپردیش کو قومی جنرل سکریٹری عہدے پر منتخب کیا گیا۔ محترمہ سیما بھاٹی سینی ضلع بیکانیر راجستھان کو قومی جوائنٹ منسٹر کے عہدہ پر سب کی رضامندی سے نامزد کیا گیا۔ تمام حاضر ممبران کی رضامندی سے اتر پردیش کے ریاستی صدر کے عہدہ پر جناب تنویر احمد ضلع بجنور، اتر پردیش کے صدر، زین العابدین ضلع پٹنہ بہار ریاستی صدر ،بیت اللہ انصاری ضلع سرن بہار ریاستی جنرل سکریٹری، افسر حسن ریاستی صدر مدھیہ پردیش، تنویر جہاں قریشی ضلع دھار پردیش جنرل سکریٹری مدھیہ پردیش ،عابد خان حمید خان ضلع ناندیڑ ریاستی صدر مہاراشٹر، زین العابدین ضلع ممبئی ریاستی جنرل سکریٹری مہاراشٹر ،محمد محسن ریاستی صدر اتراکھنڈ، محمد آفتاب عالم ریاستی جنرل سکریٹری اتراکھنڈ، عبید الرحمن ریاستی صدر چھتیس گڑھ ،محمد فیروز عالم ضلع گونڈہ ریاستی صدر جھارکھنڈ، کو بلامقابلہ منتخب کیا گیا۔ بعد ازاں قومی اردو شکشک کرمچاری سنگھ-بھارت کے سالانہ اجلاس میں موجود تمام حاضرین کے اتفاق رائے سے درج ذیل قرارداد پاس کی گئی کہ قومی اردو شکشک کرمچاری سنگھ-بھارت کی جانب سے ذیل کے نکات پر مرکزی، صوبائی، ضلعی اور بلاک سطح پر موثر نمائندگی کرتے ہوئے پرزور مطالبات رکھے جائیں گے اور ان مطالبات کی یکسوئی کے لئے دستور ہند کے تمام تقاضوں کے تحت بھر پور جدوجہد کی جائے گی۔۱۔ اردو کو ملک گیر سطح پر دوسری قومی زبان کا درجہ دیا جائے۔۲۔ اقلیتی طلباء کے لئے بند کی گئی اسکالرشپ کو جلد از جلد جاری کیا جائے۔۳۔ مدرسہ ٹیچرس کے بقیہ جات فوری ادا کیے جائیں اور ان کے معاوضے میں مہنگائی بھتہ کے ساتھ دوگنا اضافہ کیا جائے۔۴۔ تمام اردو اخبارات، رسائل کو امدادی فنڈ جاری کیا جائے تاکہ بند ہوتے اخبار و رسائل جاری رہ سکیں۔۵۔ قومی سطح کے سبھی امتحانات جیسے نیٹ، آئی اے ایس،یوپی ایس سی، پولس بھرتی، فوج بھرتی وغیرہ کے پرچہ جات اردو میں بھی نکالے جائیں اور اس کام کے لئے مدرسہ بورڈ، اردو بورڈ اور اردو میڈیم کے اساتذہ کو سینئرٹی اور قابلیت کی بنیاد پر بھرتی کیا جائے۔(۶۔) اردو اکیڈمی، اردو ادارے اور اردو سے جڑے سبھی شعبہ جات میں اردو کلرک متعین کئے جائیں۔ نیز ان تمام اداراجات کے عہدیداران سے اپیل ہے کہ اردو کے لئے آیا ہوا فنڈ محض اردو کے لئے ہی استعمال میں لایا جائے اور وہ فنڈ واپس نہ ہو۔ (۷۔) سبھی ڈاک گھروں میں کم از کم ایک اردو کلرک بھرتی کیا جائے۔(۸۔) سبھی ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈ، کے نام اور سڑکیں اور سڑکوں پر میل کے پتھر اردو میں بھی نصب کئے جائیں۔(۹۔) سبھی ضلع اور تعلقہ جات میں اردو کے تمام اسکول کالجز میں صرف اردو میڈیم اساتذہ کا تقرر کیا جائے۔ نیز ان تمام اداروں میں اردو کلرک کی منظوری دی جائے۔(۱۰۔) تمام تعلیمی دفاتر اور تربیتی اداروں میں اردو ترجمہ نگاران کا تقرر کیا جائے۔ (۱۱۔)اردو اساتذہ اور مترجم نیز تمام اردو سے منسلک ملازمین کا کسی صورت کوئی استحصال نہ ہو۔ تمام استحصال کندہ اساتذہ ملازمین کو فوری انصاف دیا جائے۔(۱۲۔) اس قرارداد کے ذریعے ہم ان تمام اردو اساتذہ، عہدیداران اور ملازمین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ محض اپنی سہولت کی خاطر کسی اور شعبہ میں مصروف نہ رہیں خاص کر اساتذہ اپنا اسکول اور اپنی تدریسی ذمہ داریوں کے علاوہ کسی اور دفتر میں کسی اور کام میں اپنے آپ کو مشغول نہ کریں۔ نو منتخب قومی صدر کی حیثیت سے ملک میں قومی اردو شکشک کرمچاری سنگھ-بھارت کو مضبوط کرنے کے لئے، قومی دفتر اور ہر ریاست میں صوبائی دفتر کے قیام کے لئے، اور اساتذہ کے لئے ایک رسالہ کی اجرائی کے لئے تن من دھن سے خود کو وقف کر دینے کا عزم کا اظہار قومی صدر جناب چودھری واصل علی گرجر صاحب نے کیا۔اس پروگرام میں ملک بھر کے 21 اساتذہ کو تعلیم اور معاشرتی میدان میں کئے گئے کام کی بنیاد پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تمام لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ تعلیم کے حصول کے لیے جدوجہد کریں اور کوئی بھی ایسا بچہ نہ رہے جو اسکول میں داخل نہ ہو، یہ ہم سب کا فرض ہے کہ ہم اپنے اسکولوں اور کالجوں میں حکومت ہند کی تمام اسکیموں کو شامل کریں۔ اس پروگرام میں محمد نعیم ، سہون محمد کٹپوری ، عبدالرب صدیقی، رحمت علی، اردو ٹیچر اسٹاف وغیرہ موجود تھے۔ اس پروگرام میں کچھ کتابوں پر روشنی ڈالی گئی جس میں “ورثہ” نامی کتاب کا اجراء بھی عمل میں آیا۔
