نئی دہلی،14اگست(ایچ ڈی نیوز)۔
ہریانہ کے میوات اور گروگرام میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے پیش نظر قومی اقلیتی کمیشن نے آج گروگرام میں انجمن جامع مسجد کا دورہ کیا۔ کمیشن کے چیئرمین اقبال سنگھ لال پورہ نے ہریانہ میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے درمیان تشدد کے متاثرین سے ملنے کے لیے انجمن جامع مسجد، سیکٹر 57، گروگرام کا دورہ کیا۔ایک اگست کو ایک ہجوم نے مبینہ طور پر انجمن جامع مسجد کو آگ لگا دی، اس دوران مسجد کے امام کو بھی ہجوم نے قتل کر دیا۔
کمیشن کے چیئرمین نے اپنے دورے کے دوران مقامی لوگوں، انتظامیہ اور ٹارگٹ ایریا کے سینئر کمیونٹی لیڈروں سے ملاقات کی اور ان سے بات چیت کی اور املاک کے نقصان کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ان کی شکایات سنیں اور امن کی دعا کی۔ہریانہ کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے، صدر، این سی ایم نے فرقہ وارانہ تشدد سے متاثرہ ریاست میں امن کے لیے متحد کوششوں کی اپیل کی۔انھوں نے متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد اور ان کی شکایات کے جلد ازالے کا یقین دلایا۔