نئی دہلی،08جون(ایچ ڈی نیوز)۔
قومی اقلیتی کمیشن نے ہندوستان سے حج پر جانے والے عازمین کو درپیش مسائل کے بارے میں متعلقہ حکام کے ساتھ معاملہ اٹھایا ہے۔ کمیشن کے چیئرمین اقبال سنگھ لال پورہ کو 6.6.2023 کو پٹیالہ کے رہنے والے بہادر خان کا ایک ویڈیو پیغام موصول ہوا ہے جس میں ہندوستانی حاجیوں کو مدینہ سعودی عرب میں حج کے دوران پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے توسط سے سعودی عرب کے حج پر جانے والے عازمین کو کمروں میں زیادہ بھیڑ، پانی کی کمی، ناکافی حفظان صحت اور صفائی سمیت کئی مسائل کا سامنا ہے۔ چیئرمین لال پورہ نے معاملہ سامنے آنے کے بعد حج آپریشن سے وابستہ متعلقہ حکام کے ساتھ معاملہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو عازمین حج کو درپیش مشکلات اور تکالیف کو فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت دی ہے۔
لال پورہ کی ہدایت پر مدینہ منورہ میں ہندوستانی عازمین حج کو درپیش افراتفری اور مسائل کو فوری طور پر حل کیا گیا۔ افسران کی جانب سے کئے گئے کام سے مسافروں میں بھی اطمینان پیدا ہوا ہے۔ حکام نے مزید وعدہ کیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مکہ کے سفر کے دوران حاجیوں کو ایسی کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسی طرح کے کئی ویڈیو پیغامات دیگر عازمین حج کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیے گئے ہیں، جو کافی وائرل ہو رہے ہیں۔
