سورت(ایچ ڈی نیوز)۔
تلنگانہ کے ٹاپ سیڈڈ بی سائی پرنیت اور چھتیس گڑھ کی دوسری سیڈڈ خاتون کھلاڑی آکرشی کشیپ نے مردوں اور خواتین کے سنگلز بیڈمنٹن خطاب جیت لیے ہیں۔جمعرات کو 36ویں قومی کھیلوں میں بیڈمنٹن کے میچ پنڈت دین دیال اپادھیائے انڈور اسٹیڈیم میں کھیلے گئے۔ پرنیت کو کرناٹک کے متھن منجوناتھ کے خلاف مردوں کے سنگلز میچ میں جیت کے لیے سخت محنت کرنی پڑی۔ انہوں نے 21-11، 12-21، 21-16 کے فرق سے کامیابی حاصل کی ہے۔ آکرشی نے فائنل میں مہاراشٹر کی ٹاپ سیڈڈ مالویکا بنسوڑ کے خلاف 21-8، 22-20 سے کامیابی حاصل کی۔30 سالہ پرنیت کی کامیابی کا مطلب ہے کہ تلنگانہ نے بیڈمنٹن میں تین گولڈ میڈل جیتے ہیں۔ انہوں نے مکسڈ ڈبلز اور ویمنز ڈبلز کا خطاب بھی اپنے نام کیا ہے۔پرنیت نے پہلے سیٹ میں ہی غلبہ حاصل کیا اور 8-2 کی برتری حاصل کرنے کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ دوسرے سیٹ میں متھن نےبھی زبردست واپسی کی، اس کے باوجود وہ میچ نہیں جیت سکے۔تیسرے سیٹ میں پرنیت کو متھن سے سخت مقابلہ ملا۔ بھلے ہی متھن نے پورے سیٹ میں اچھا کھیلا لیکن پرنیت نے جیتنے کے لیے اپنے تجربے کا فائدہ اٹھایا۔اس سے قبل آکرشی کشیپ نے میچ کے پہلے سیٹ میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔ مالویکا کو خواتین کے سنگلز فائنل میں اپنی رفتار دوبارہ حاصل کرنے میں وقت لگا۔ ٹاپ سیڈڈ مالویکا نے دوسرے سیٹ کی اچھی شروعات کی اور 8-4 کی برتری حاصل کی۔ اس کے بعد آکرشی نے زبردست واپسی کی اور اسکور کو 9-9 سے برابر کردیا۔ تاہم مالویکا بھی ہار ماننے کا نام نہیں لے رہی تھیں اور اپنی حریفپر مسلسل دباو¿ ڈال رہی تھیں۔ مالویکا ایک بار 18-14 سے آگے تھی اور ایسا لگ رہا تھا کہ میچ تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں جانے والا ہے۔ یہاں سے آکرشی نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مالویکا کو پیچھے چھوڑ دیا اور لگاتار چھ پوائنٹس حاصل کرکے دوسرا سیٹ اور میچ جیت لیا۔مالویکا نے آکرشی کے شاٹس کا مسلسل جواب دیا اور دو پوائنٹس بچائے۔ آکرشی نے اسمیش لگایا اور پھر کراس کورٹ ڈراپ کے ساتھ اپنی ریاست کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیتا۔