March 17, 2025
Hamari Duniya
قومی خبریں

اسٹڈی ان انڈیا تعلیم کے شعبے میں برانڈ ’انڈیا‘ کو بین الاقوامی سطح پر مضبوط مقام دلائے گا:ڈاکٹر ایس جے شنکر

SJ Shankar

نئی دہلی،05 اگست(ایچ ڈی نیوز)۔

وزیر اعظم  نریندر مودی کے ہندوستان کو دوبارہ عالمی تعلیمی مرکز بنانے کے وژن کو پورا کرتے ہوئے تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ اور صنعت کاری کے مرکزی وزیر جناب دھرمیندر پردھان اور مرکزی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے مشترکہ طور پر آج نئی دلی میں اسٹڈی اِن انڈیا پورٹل لانچ کیا۔ اس موقع پر تعلیم کے وزیر مملکت ڈاکٹر سبھاش سرکار ، تعلیم کی وزیر مملکت محترمہ اَن پورنا دیوی، تعلیم اور امور خارجہ کے وزیر مملکت راج کمار سنگھ، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر مہیش شرما، تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کی وزارت کے سینئر عہدیدار اور 10 سے زیادہ ممالک کے سفارتکار موجود تھے۔

اس موقع پر ہندوستان میں زیر تعلیم روس، تھائی لینڈ، جاپان، ایتھوپیا، ایکواڈور، قزاخستان اور جمہوریہ کوریا کے طلبا نے معزز شخصیات کی عزت افزائی کے طور پر اپنی ثقافت کے سووینئر پیش کئے۔

اسٹڈی اِن انڈیا پورٹل ایک ایسی ویب سائٹ ہے جو ہندوستانی اعلیٰ تعلیمی اداروں (ایچ ای آئی) کے بارے میں جامع معلومات فراہم کرے گی۔ ویب سائٹ پر انڈر گریجویٹ (یو جی)، پوسٹ گریجویٹ (پی جی)، ڈاکٹورل سطح کے پروگراموں کے ساتھ ساتھ یوگا، آیوروید، کلاسیکی آرٹ وغیرہ جیسے ہندوستانی تعلیمی نظام سے متعلق نصابوں کے بارے میں بھی تدریسی پروگراموں کی تفصیلات دستیاب ہوں گی۔ اس پورٹل کی ویب سائٹ پر تعلیمی سہولیات، تحقیقی امداد اور متعلقہ معلومات پیش کی جائیں گی۔ اس ویب سائٹ پر اب طلبا اپنی پسند کے ایک سے زیادہ ادارہ/ کورس میں اپلائی کرسکتے ہیں۔ نیا پورٹل طلبا کے رجسٹریشن اور ویزا اپلی کیشن کے عمل کے بارے میں ایک ہی مقام پر تمام حل فراہم کرے گا۔

اِس موقع پر بولتے ہوئے پردھان نے کہا کہ ایس آئی آئی پورٹل ایک ایسا پلیٹ فارم ہے، جو بین الاقوامی طلبا کو ہندوستان کے تعلیمی سفر میں سہولت فراہم کرے گا۔ قومی تعلیمی پالیسی سے رہنمائی حاصل کرنے والا ایس آئی آئی پورٹل ہندوستان کو تعلیم کی ایک ترجیحی منزل بنانے کے ساتھ ساتھ خوشحال مستقبل بنانے کے لیے تعلیمی سرحدوں کو دور کرنے کا کام کرے گا۔ جناب پردھان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے تعلیم سے متعلق جغرافیائی وسیاسی سرحدوں کو عبور کرنے کے وژن کے مطابق اسٹڈی اِن انڈیا پورٹل پوری دنیا کے طلبا کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے لیے ہندوستان کو ایک ترجیحی منزل بنانے کی سمت میں اٹھایاگیا ایک بڑا قدم ثابت ہوگا۔

مجمع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا کہ یہ پورٹل مختلف پس منظر کے حامل طلبا کا استقبال کرتے ہوئے ہندوستان کو تعلیم کے شعبے میں ایک عالمی مرکز بنانے کی حکومت کی عزم کی علامت ہے۔ یہ تعلیم کے میدان میں برانڈ ’انڈیا‘ کو بین الاقوامی سطح پر تقویت فراہم کرے گا۔ رجسٹریشن سے لے کر ویزا کی منظوری اور من چاہے کورس یا اداروں کے انتخاب تک یہ پورٹل ہندوستان میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند بین الاقوامی طلبا کے پورے سفر کو آسان بنائے گا۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ بین الاقوامی طلبا کی موجودگی سے گھریلو طلبا کو بھی فائدہ ہوگا اور انہیں پوری دنیا سے جوڑے گا اور عالمی کام کی جگہ کے لیے انہیں بہتر طریقے سے تیار کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کیسے این ای پی 2020 کے نفاذ کی وجہ سے ہندوستان میں غیر ملکی یونیورسٹیوں کا داخلہ شروع ہوچکا ہے اور ہمارے پریمیئر اداروں کے بین الاقوامی کیمپس کھلنے لگے ہیں۔

Related posts

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے فیکلٹی رکن اور تین سابق طلبہ’رام ناتھ گوینکا ایوارڈ‘سے سرفراز

Hamari Duniya

راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا پر  کوروناکے بادل،کیا منسوخ ہوگی یاترا؟

Hamari Duniya

رکشا بندھن پر وزیراعظم نے ملک کے شہریوں کو دیا تحفہ، گیس سلنڈر ہوا سستا

Hamari Duniya