ناگپور ، 11 فروری (ایچ ڈی نیوز)۔
گیندبازوں کی قہر برپاکردینے والی کارکردگی کی وجہ سے ہندوستان نے بارڈر- گواسکر ٹرافی کے تحت یہاں ودربھ کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 132 رنوں سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
اس میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 177 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جواب میں بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 400 رنز بنائے اور پہلی اننگز کی بنیاد پر 223 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ آسٹریلیائی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 91 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور میچ ایک اننگز اور 132 رنز سے ہار گئی۔
دوسری اننگز میں بھی آسٹریلیائی بلے بازوں کی کارکردگی پہلی اننگز جیسی رہی۔ دوسری اننگز میں تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن اشون نے آسٹریلیا کے ٹاپ آرڈر بلے بازی کو تہس نہس کردیا اورصرف 52 رن کے اسکور پر عثمان خواجہ ( 05)، ڈیوڈ وارنر ( 10)، میٹ رینشا ( 02) اور پیٹر ہینڈز کامب ( 06) کو پویلین بھیج دیا ۔ جبکہ رویندر جڈیجہ نے مارنس لابوشین ( 17) کو اپنا شکار بنایا۔
64 کے مجموعی اسکور پر اشون نے ایلکس کیری ( 10) کو آو¿ٹ کرکے میچ میں اپنا پانچواں وکٹ لیا۔ جڈیجہ نے پیٹ کمنز ( 01) کو آو¿ٹ کرکے ہندوستان کو ساتویں کامیابی دلائی۔ اکشر نے 75 کے مجموعی اسکور پر ٹوڈ مرفی ( 02) کو آو¿ٹ کرکے ہندوستان کو آٹھویں کامیابی دلائی۔ 88 کے مجموعی سکور پر محمد شامی نے نیتھن لیون ( 08) کو بولڈ کر کے آسٹریلیا کو نواں جھٹکا دیا۔ 91 کے مجموعی اسکور پر محمد شامی نے اسکاٹ بولینڈ کو بولڈ کر کے آسٹریلوی اننگز کا خاتمہ کردیا اور بھارت کو اننگز اور 132 رنز سے فتح دلائی۔ آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں سب سے زیادہ رنز اسٹیو اسمتھ نے بنائے۔ وہ 25 رنز بنانے کے بعد ناٹ آوٹ رہے۔
دوسری اننگز میں بھارت کی جانب سے روی چندرن اشون نے 5، رویندرا جڈیجہ اور محمد شامی نے 2-2 اور اکشر پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ہندوستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 400 رنز بنائے تھے۔ بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما نے شاندار سنچری اننگز کھیلتے ہوئے 120 رنز بنائے۔ جبکہ رویندر جڈیجہ اور اکشر پٹیل نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں۔ جڈیجہ نے 60 اور اکشر نے 84 رنز بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ محمد شامی نے بھی 37 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ بھارت کو پہلی اننگز کی بنیاد پر 223 رنز کی برتری حاصل تھی۔ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 177 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے ٹوڈ مرفی نے سات ، پیٹ کمنز نے دو اور نیتھن لیون نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 177 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مارنش لابوشین نے 49، اسٹیو اسمتھ نے 37، الیکس کیری نے 36 اور پیٹر ہینڈزکومب نے 31 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجہ نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جڈیجہ کے علاوہ روی چندرن اشون نے 3، محمد شامی اور محمد سراج نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 17 فروری سے نئی دہلی میں کھیلا جائے گا۔