March 17, 2025
Hamari Duniya
علاقائی خبریں

اساتذہ تعلیم و تربیت کے اصول و ضوابط کا لحاظ رکھیں: مفتی ابوالقاسم نعمانی

Mufti Abul Qasim

دیوبند،25 ستمبر(ایچ ڈی نیوز)۔
کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند، شاخ سہارنپور مغربی یوپی زون نمبر3 کے زیر اہتمام آج یہاں اسٹیٹ ہائیوے پر واقع ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم زکریا دیوبند میں’ تدریب المعلمین کیمپ‘کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں تحصیل دیوبند کے مربوط مدارس کے ذمہ داران اور اساتذہ نے شرکت کی۔ اس موقع اساتذہ کو دارالعلوم دیوبند کے نصاب اور اصول و ضوابط کے مطابق نظام تعلیم و تربیت کو مستحکم اور منظم بنانے کے متعلق کار آمد باتیں سمجھائی گئیں۔اجلاس سے خطاب کرتے کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ کے قومی صدر اور دارالعلوم دیوبند کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اپنے پرمغز خطاب کے دوران طریقہ تعلیم اور قواعد و ضوابط پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اساتذہ تعلیم و تربیت کے اصول و ضوابط کا لحاظ رکھیں گے تو کوئی وجہ نہیں کہ طلبہ علم سے محروم رہ جائیں۔

مفتی ابوالقاسم نعمانی نے زور دے کر کہاکہ طلبہ عزیز ہمارے پاس قوم کی امانت ہیں ،اس امانت کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، ہر مدرسہ میں زیر تعلیم طلبہ ہمارے پاس قوم کی امانت ہے، ہمیں ہمیشہ اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ ہمیں امانت میں خیانت نہیں کرنی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر ہم ان کی تعلیم و تربیت اصول و ضوابط کے مطابق نہیں کرینگے تو یہ امانت میں خیانت ہے، اسلئے اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ طلبہ کو ان کے فہم کے مطابق ہی تعلیم دی جائے۔
مفتی ابوالقاسم نعمانی نے ماہانہ جائزہ پر زور دیا اور کہاکہ اس سلسلہ میں مہتمم اور رابطہ مدارس کے صدر اور جنرل سکریٹری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ماہانہ جائزہ کو ہر مدرسہ میں یقینی بنائیں اور اس کی خود نگرانی کریں۔ انہوں نے کہاکہ ماہانہ جائزہ سے طلبہ کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوتی اور اساتذہ کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہوتاہے۔انہوں نے مشترکہ امتحان کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مشترکہ امتحان مدارس کے تعلیمی معیار کا ااندازہ ہوتاہے،جس سے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ساتھ مدارس کی کارکردگی بھی سامنے آتی ہے۔ انہوں نے تمام مدارس کے ذمہ داران اور اساتذہ کو نصیحت کی وہ اصول وضوابط کے مطابق طلبہ کی تعلیم و تربیت کا فریضہ انجام دیں۔ اس موقع پر دارالعلوم دیوبند کے استاذ مولانا توحید قاسمی نے نہایت مفصل انداز میں نظام و تربیت کے متعلق خطاب کیا اور اس بات پرزور دیا کہ ماہانہ نصاب اور ماہانہ جائزہ کو یقینی بنائےں، بچوں کی نگرانی کی جائے ،ساتھ ہی ابتدائی جماعتوں کے طلبہ کو سمجھانے کے لئے بلیک بورڈکا استعمال کیاجائے۔ اس دوران مغربی زون نمبر 3 کے صدر اور جامعہ بدرالعلوم گڑھی دولت کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا محمد عاقل قاسمی ، مولانا حبیب اللہ مدنی مہتمم مدنی مدرسہ انبہٹہ پیر ، مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی ناظم مغربی یوپی زون نمبر 3 وغیرہ نے بھی اپنے خطاب کے دوران رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ کے مقصد کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ رابطے کا بنیادی مقصد اپنے ادارے کو دارالعلوم دیوبند کے نظام کے مطابق چلانا ہے۔
ہمارا مدرسہ اسی وقت کامیاب ہوگا جب اس میں اچھی انتظامیہ ،اچھے اساتذہ اور اچھے طلبہ کا انتخاب کرینگے اور نصاب کے ساتھ قواعدو ضوابط کا لحاظ رکھیں گے۔اپنی صدارتی خطاب میں پروگرام کنوینر اور دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی شریف خان قاسمی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ رابطہ مدارس اسلامیہ کا کا بنیادی مقصد نظام تعلیم وتربیت کو مستحکم بنانا ہے، اسی لئے رابطہ کے تحت مربوط مدارس کی ابتدائی عربی جماعتوں نیز حفظ وناظرہ کے اساتذہ کی تربیت کے لیے آج یہاں یک روزہ تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا۔ قبل ازاں پروگرام کا آغاز قاری عمار کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا۔نظامت کے فرائض مولانا اطہر حقانی نے انجام دیئے۔ خصوصی شرکاءمیں جامعہ دعوة الحق معینہ چررہو کے ناظم اعلیٰ مولانا شمشیر قاسمی، مولانا شاہد سہارنپوری، مدرسہ اصغریہ دیوبند کے مہتمم سید عقیل حسین میاں دیوبندی،مولانا عباداللہ استاذ جامعة الشیخ حسین احمد مدنی دیوبند، مولانا عمران قاسمی جھبیرن، قاری ولی اللہ ،مفتی ظفر اللہ وغیرہ سمیت تحصیل دیوبند کے مدارس کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں مولانا شفیع اللہ، قاری محمد سلمان، قاری سلمان، مفتی بابر،مفتی منتظر سمیت تمام اساتذہ و کارکنان نے اہم رول ادا کیا۔

Related posts

جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے زیرنگرانی ضلع کے تمام مکاتب کے طلبہ و طالبات کے مابین فائنل سالانہ تعلیمی مظاہرہ وتقسیم انعامات آج

Hamari Duniya

ادریسیہ درزی سماج کو اقتدار سے نظر انداز کرنا قابل مذمت ہے : راجو وارثی

Hamari Duniya

اے آئی پی ایم ایل اے شیخ خورشید احمد کا جموں و کشمیر اسمبلی کے اندر احتجاج، انصاف اور حقوق کی بحالی کا مطالبہ

Hamari Duniya