نئی دہلی17دسمبر
شاہ رخ اور دیپیکا پادوکون کی فلم پٹھان کے خلاف تنازعہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔آئے دن اس کے مخالفین کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔دائیں بازو کی شدت پسند تنظیموں کے بعد اب مدھیہ پردیش کے علمائ بورڈ بھی پٹھان کی ریلیز کے خلاف میدان میں آ گیا ہے۔مدھیہ پردیش کے علماء بورڈ نے پٹھان فلم کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اسے ریلیز نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔علمائ بورڈ نے کہاہے کہ اس سے اسلام کی غلط تصویر پیش کی جا رہی ہے اور پٹھان برادری ایک با عزت برادری ہے ،فلم کے ذریعہ اس فرادری کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق مدھیہ پردیش علماء بورڈ کے صدر سید انس علی نے کہا کہ ایک فلم پٹھان نام سے بنی ہے جس میں شاہ رخ خان ایک ہیرو ہیں لوگ انہیں دیکھتے ہیں پسند کرتے ہیں لیکن ہمارے پاس کئی جگہ سے فون اور شکایتیں موصول ہوئی ہیں اور انہوں نے غصے کا اظہار کیا ہے کہ اس فلم کے اندر فحاشی کو فروغ دیا جا رہا ہے اس سے اسلام کی غلط تشہیر کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسی فلم کو لے کر آل انڈیا مسلم تہوار کمیٹٰ نے ایک موقف اختیار کیا ہے اور اس فلم کا بائیکاٹ کیا ہے ہم بھی حکومت کے لوگوں سے جوانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اس فلم کو نہ دیکھیں ۔انہوں نے کہا کہ اس فلم کو ریلیز نہیں ہونا چاہئے۔انس علی نے مزید کہا کہ اس فلم میں ہمارامذاق اڑایا گیا ہے ۔میں اپیل کرتا ہوں کہ کوئی یہ فلم نہ دیکھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنا نام شاہ رخ خان کہتے ہیں اور شاہ رخ خان کہہ کر پٹھان فلم بناتے ہیں اسلام کا ،مسلمانوں کا مذاق بنانے کے لئے ایسی فلمیں بناتے ہیں ۔ان کی مخالفت ہونی چاہئے ۔پٹھان ایک بے حد قابل احترام برادری ہے لیکن فلم میں اسے بے حد غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے۔