جونپور(اترپردیش)،10 نومبر(اجود قاسمی؍ ایچ ڈی نیوز)-
گزشتہ روز 9 نومبر کو ملک بھر میں شاعر مشرق علامہ اقبال کی یوم ولادت کے موقعہ پر یوم اردو پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، اس موقعہ پر شہر کے محلہ شیخ محامد واقع اردو ہال میں شیراز ہند اردو اکیڈمی جونپور کے زیر اہتمام ایک جلسہ و شعری نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں اردو زبان و ادب و اردو صحافت میں نمایاں کردار ادا کرنے والوں کو نشان اردو ایوارڈ سے نوازا گیا،جلسہ کا افتتاح رکن پارلیمنٹ جونپور شیام سنگھ یادو نے کیا تو سرپرستی شاعر انوارالحق انوار جونپوری نے کی جلسہ کی صدارت شاعر احمد نثار جونپوری نے کی اس موقعہ پر اعلی ہاسٹل کے ڈاکٹر اے اے جعفری بطور مہمان خصوصی موجود رہے۔
جلسہ کا افتتاح کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ شیام سنگھ یادو نے کہا کہ اردو محبت کی زبان ہے اور زبان کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اسلئے اردو کو کسی خاص مذہب سے جوڑ کر نہیں دیکھنا چاہئے،مہمان خصوصی ڈاکٹر اے اے جعفری نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ آج ضرورت ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اردو زبان و ادب کی تعلیم دیں اور ایک اردو اخبار خریدنے کا اہتمام کریں،صدارتی خطاب کے دوران احمد نثار جونپوری نے کہا کہ اردو زبان نے ہندوستان کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس زبان نے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا ہے،اس موقعہ پر شاعروں نے اپنے اپنے اشعار پیش کئے جلسہ کی نظامت مظہر آصف نے کی اخیر میں شیراز ہند اردو اکیڈمی کے صدر اجود قاسمی نے شرکائے جلسہ کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر انوارالحق گڈو،شوکت علی منا راجا،حفیظ شاہ،اعجاز شیرازی،ڈاکٹر اریب الزماں،ڈاکٹر عرشی،کمال الدین انصاری،نسیم فریدی،عزیز فریدی،انصار ادریسی،ریاض الدین علوی،ساجد انوار،اظہرالدین انصاری،اکرم جونپوری،احمد عزیز،عالم غازیپوری،ناصر جونپوری،عرفان جونپوری،مولانا انوار احمد قاسمی،تاج الدین انصاری،شہزاد جونپوری،یامین صدیقی،امتیاز ندوی،وسیم احمد وغیرہ موجود رہے۔