نئی دہلی،09اپریل(ایچ ڈی نیوز)۔
ملک کے کسی بھی حصے سے عید کا چاند نظر آنے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ اس لیے ہندوستان میں عید الفطر کا تہوار 11 اپریل بروز جمعرات کو منایا جائے گا۔ یہ فیصلہ تاریخی جامع مسجد میں منعقدہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔دوسری جانب رﺅیت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہندنے بھی اعلان کردیا ہے کہ چاند نظرآنے کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد چاند نظر نہ آنے کی اطلاع دیتے ہوئے مسلمانوں سے کل روزہ رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔
جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے کہا ہے کہ ملک کے کسی حصے سے عید کا چاند نظر آنے کی کوئی خبر موصول نہیں ہوئی۔ تمام مقامات سے رابطہ کیا گیا ہے لیکن کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ اس لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ عید الفطر کا تہوار 11 اپریل بروز جمعرات کو منایا جائے گا۔ کل رمضان المبارک کا 30واں روزہ ہو گا۔ اہل وطن کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید رمضان کے 30 روزوں کے بعد آتی ہے اور ہمیں اسے خوشی سے منانا چاہئے۔ ہمیں اپنے محلے کے غریبوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے، شاہی مسجد فتح پوری میں بھی امام ڈاکٹر مفتی مکرم احمد نے عید کا چاند نظر نہ آنے کی تصدیق کرتے ہوئے 11 اپریل کو عید منانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے سب کو عید کی مبارکباد دی ہے۔