نئی دہلی،13ستمبر(ایچ ڈی نیوز)۔
مرکزی حکومت نے 18 سے 22 ستمبر تک پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے لیے مجوزہ ایجنڈا جاری کر دیا ہے۔ بدھ کو اس کی جانکاری کو شیئر کرتے ہوئے، حکومت نے کہا ہے کہ اجلاس کے پہلے دن لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں پارلیمنٹ کے 75 سال کے سفر پر بحث کی جائے گی۔ اس دوران آئین ساز اسمبلی سے آج تک کا پارلیمانی سفر پربحث ہوگی۔ اجلاس کے دوران دونوں ایوانوں میں چار بل بھی پیش کیے جائیں گے۔
دراصل 3 اگست کو راجیہ سبھا میں ایڈوکیٹس (ترمیمی) بل 2023 اور پریس اینڈ پیریڈیکل رجسٹریشن بل 2023 کو منظور کیا گیا تھا۔ یہ اب لوک سبھا میں پیش کیے جائیں گے۔ 10 اگست کو پوسٹ آفس بل ، 2023 اور چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنرز (تقرری ، سروس کی شرائط اور عہدے کی مدت) بل 2023 راجیہ سبھا میں پیش کیا گیا ، جس پر اب خصوصی اجلاس کے دوران بحث کی جائے گی۔
دراصل اپوزیشن مودی حکومت کی طرف سے بلائے گئے اس پانچ روزہ خصوصی اجلاس کے ایجنڈے پر مسلسل سوال اٹھا رہی تھی۔ کانگریس کی طرف سے حکومت کو نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ اپوزیشن نے حکومت سے ایجنڈا جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ اب مودی حکومت نے اس حوالے سے ایک مجوزہ ایجنڈا جاری کیا ہے۔ کیونکہ یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ خصوصی اجلاس کے دوران حکومت’ ایک ملک ، ایک الیکشن‘ اور ملک کا نام بدل کر انڈیا سے بھارت کرنے کافیصلہ کرسکتی ہے۔ تاہم حکومت کے جاری کردہ ایجنڈے میں ان کا ذکر نہیں ہے۔
اپوزیشن نے خصوصی اجلاس کے ایجنڈے کو نشانہ بنایا
کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے حکومت کے خصوصی اجلاس کے ایجنڈے کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2021 میں لوک سبھا کے اسپیکر اوم بڑلا نے پارلیمنٹ کی 75 ویں سالگرہ منانے کے لیے کئی پروگراموں کا اہتمام کیا۔ آج کا اعلان ہمیں بتاتا ہے کہ اسی وجہ پر پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں بحث کی جائے گی۔ کیا حکومت دماغ سے اتنی عاری ہے کہ تین سال میںایک ہی موقع پر دو مرتبہ جشن منارہی ہے؟ یا یہ توجہ بھٹکانے کی پالیسی ہے؟
آپ کو بتا دیں کہ مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے آغاز سے ایک دن پہلے 17 ستمبر کو آل پارٹی میٹنگ بلائی ہے۔ مرکزی پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے کہا ہے کہ اجلاس میں شرکت کے لیے تمام اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو ای میل کے ذریعے دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ 18 سے 22 ستمبر تک پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کا اعلان پرہلاد جوشی نے 31 اگست کو کیا تھا۔ اس وقت ، اس کا ایجنڈا خفیہ تھا ، جس کی وجہ سے اپوزیشن کی طرف سے قیاس آرائیاں اور تنقید کی گئی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اپوزیشن نے بھی خصوصی اجلاس کے لیے اپنے ایجنڈے کا اعلان کیا ہے۔ سونیا گاندھی کے جاری کردہ خط میں 9 نکات کا ذکر کیا گیا ہے۔ ان میں اڈانی کیس میں جے پی سی کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ اپوزیشن کئی مسائل پر حکومت کو گھیرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ تاہم بی جے پی نے جوابی وار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان مسائل پر پہلے ہی بات ہو چکی ہے۔ اس لیے خصوصی اجلاس میں بھی ہنگامہ آرائی کے امکانات ہیں۔