امام مسجدنے صدرجمعیة علماءہند مولانا محمود اسعد مدنی کا شکریہ اداکیا
نئی دہلی،23 اکتوبر(ایچ ڈی نیوز)۔
میوات فساد کے دوران ایک درجن سے زائد مسجدوں پر حملہ ہوا تھا۔ ان مساجد میں ’پیروالی مسجد پلول‘بھی شامل ہے۔اس مسجد میں تبلیغی جماعت کے ساتھ بھی مارپیٹ ہوئی تھی ، نیز مسجد میں توڑ پھوڑ کے علاوہ مقدس کتابوں کی توہین بھی کی گئی تھی۔ آج مکمل مرمت کے بعد ظہر کی نماز کے موقع پر جمعیة علماءہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کے ہاتھوں اس مسجد کا افتتاح عمل میں آیا۔ افتتا ح کے وقت مسجد کے امام مولانا محمد جاوید سمیت نمازیوں کی ایک قابل ذِکر تعداد موجود رہی۔
اپنے پیغام میں مولانا محمد حکیم الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیةعلما ءہند نے لوگوں کو صبر و استقامت کی تلقین کی ، مسجد کے امام وخطیب مولانا محمد جاوید نے پریشانی کے وقت جمعیة علماءہند کی طرف سے ملنے والی مدد اور تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میوات کے لوگ صدر جمعیة علماءہند مولانامحمود اسعد مدنی اور ان کی پوری ٹیم کے شکر گزار ہیں کہ انھوں نے پلول کے علاقے میں جہاں ہر طرف شرپسندی کا سایہ تھا ، جہاں قدم قدم پر مسجدوں کو نشانہ بنایا گیا ، وہاں سب سے پہلے یہ لوگ پہنچے۔ مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ جمعیة علما ہند نے جو کچھ بھی کوشش کی ہے ، اس کے لیے کسی شکریہ کی ضرورت نہیں ہے ، جمعیة علماءمحض اللہ کی رضا و خوشنودی کے لیے اسے فریضہ سمجھ کر انجام دیتی ہے۔ ظاہر سی بات ہے کہ مسجد کی خدمت سے زیادہ کوئی مقبول عمل نہیں۔ انھوں نے بتایا کہ جمعیة نے یہاں دس سے زائد مساجد کی مرمت کا کام کیا ہے ، جن میں کچھ کے کام ابھی باقی ہیں۔
جمعیة علماءہند کے سینئر آرگنائزر مولانا غیو راحمد قاسمی نے بتایا کہ اب تک ایڈوکیٹ طاہر حسین روپڑیا کی نگرانی میں466 ضمانتیں ہو چکی ہیں ، جب کہ جمعیةکے پاس چھ سو مقدمات ہیں۔اس کے علاوہ جمعیة متاثرین کے لیے مکانوں کی بھی تعمیر کررہی ہے۔آج افتتاح کے موقع پر ناظم عمومی جمعیة علماءہند کے ہمراہ مولانا غیوراحمد قاسمی،مولانا مفتی ذاکر حسین قاسمی، بھائی محمد یاسر وکیل، حاجی محمد یونس ،حافظ محمد ابوبکر ، حافظ محمود صاحبزادگان مولانا محمد حکیم الدین قاسمی تھے۔