جمعیة علماءنے مسجد مرمت کرکے اپنا فرض ادا کیا، لیکن انتظامیہ نے فسادیوں کو اج تک گرفتار نہیں کیا : مولانا حکیم الدین قاسمی
نئی دہلی،27 اکتوبر(ایچ ڈی نیوز)۔
”میوات فساد کے دوران ایک درجن کے قریب مسجدوں پر حملہ ہوا تھا : ان میں سب سے زیادہ مسجدوں کو نقصان ہوڈل اور پلول کے علاقوں میں ہوا۔مسجد قریشیان ہوڈل میں فسادیوں نے توڑ پھوڑ اور بے حرمتی کی۔اسی طرح ایک مسجد میں محراب کی جگہ پر نعوذ باللہ ’ پیشاب گھر‘ لکھ دیا گیاتھا۔ان مقامات پر فسادیوں کا اتنا زیادہ ہنگامہ تھا کہ مقامی لوگ اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر چھپنے پر مجبور ہوئے۔ لیکن صدا فسوس کہ آج تک ایسے مجرمانہ اعمال انجام دینے والے گرفتار نہیں ہوئے اور نہ پولس نے ان کی گرفتاری کے لیے ٹھوس اقدامات کیے“ : ان خیالات کا اظہار آج مذکورہ علاقے میں دومسجدوں کے افتتاح کے موقع پر جمعیةعلماءہند کے جنرل سکریٹر مولانا حکیم الدین قاسمی نے کیا۔
مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ جمعیة علماءہند نے اپنے صدر محترم مولانا محمود اسعد مدنی کی قیادت میں دینی ، اخلاقی اور وطنی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے فساد زدہ مسجدوں کی مرمت میں ہاتھ بٹایا ہے۔اب تک نو مسجدوں کی مرمت کے بعد افتتاح عمل میں آچکا ہے ، باقی دو مسجدوں کا جلد افتتاح ہو گا۔انھوں نے بتایا کہ ا?ج جن دو مسجدوں کا افتتاح ہوا ، ان میں ایک مسجد قریشیان ہے ، جن کے امام حافظ محمد مصطفی ہیں۔ اس مسجد میں ا?ج جمعہ کی امامت کا فریضہ حافظ محمود (ابن مولانا حکیم الدین قاسمی )نے ادا کیا۔اس مسجد کے بنانے میں سب سے بڑا کردار عبدالرشید بھائی اور ان کے بیٹے وکیل بھائی کا ہے۔دوسری مسجد گاندھی چوک ہوڈل صرافہ بازار ہے ، جس کے امام مولانا یاسین صاحب ہیں۔ آج مسجد میں جمعہ کی نماز حافظ ابوبکر( ابن مولانا حکیم الدین قاسمی) نے پڑھائی۔
ان دونوں مسجدوں کے امام ، متولی صاحبان اورمصلیان نے جمعیة علماءہند کی طرف سے کی گئی کوششوں کی ستائش کی اور شکریہ ادا کیا۔جمعیةعلماءہند کے سینئر آرگنائزر مولانا غیو راحمد قاسمی نے بتایا کہ جمعیة علماءہند قانونی سطح پر بھی وسیع پیمانے پر کام کررہی ہے ، بالخصوص وہ بے قصور مسلم افراد جن کو گرفتار کیا گیا ہے، ان کی ضمانت پر وکیلوں کی ایک ٹیم شب و روز لگی ہوئی ہے ، اب تک کل538 ضمانتیں ہو چکی ہیں ( الحمدللہ )
اس موقع پر جمعیة علماءمتھرا کے ذمہ داران ماسٹر عابد حسین ، شبیر احمد،حاجی طاہر، صابر بھائی تبلیغی جماعت، راشد بھائی اور آصف بھائی موجود تھے۔ان کے علاوہ جمعیة علما ءہند کے سینئر آرگنائزر مولانا غیور احمد قاسمی ، حافظ اسعد، حافظ محمد سلیم وغیرہ بھی شریک ِوفد تھے۔