نئی دہلی(ایچ ڈی نیوز)۔
بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز سے باہر ہونے کے بعد تجربہ کار ہندوستانی تیز گیندباز محمد شامی نے کہا ہے کہ انہوں نے ہر انجری سے سیکھا ہے اور مضبوطی سے واپس آئے ہیں۔شامی کندھے کی انجری کے باعث بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔شامی نے ٹویٹ کیا ’ چوٹ عام طور پر آپ کو ہر لمحے کی تعریف کرنا سکھاتی ہے۔ مجھے اپنے پورے کیریئر میں چوٹیں لگی ہیں، ایسا ہوتا ہے۔ یہ آپ کو نقطہ نظر فراہم کرتا ہے۔ کوئی فرق نہیں پڑتا کہ مجھے کتنی مرتبہ چوٹ لگی ہے، میں نے ہر چوٹ سے سیکھا ہے۔ اور مضبوط واپسی کی ہے۔
جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان تیز گیند باز عمران ملک دورہ بنگلہ دیش کے لیے ون ڈے ٹیم میں تجربہ کار محمد شامی کی جگہ لیں گے۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہفتہ کو ایک بیان کے ذریعے یہ اعلان کیا۔
بی سی سی آئی نے کہاکہ فاسٹ باو¿لر محمد شامی بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز کی تیاری کے سلسلے میں منعقد کیے گئے ٹریننگ سیشن کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ وہ فی الحال این سی اے ، بنگلورو میں بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں اور بنگلہ دیش کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ آل انڈیا سینئر سلیکشن کمیٹی نے شامی کی جگہ عمران ملک کو ٹیم میں منتخب کیا ہے۔عمران نے حال ہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا تھا جس میں ہندوستان کو 1-0 سے شکست ہوئی تھی۔ عمران نے اس سیریز میں 32.33 کی اوسط اور 6.46 کی اکانومی سے تین وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ون ڈے اتوار کو ڈھاکہ میں ، دوسرا ون ڈے 7 دسمبر کو اسی گراو¿نڈ میں اور آخری میچ 10 دسمبر کو چٹوگرام میں کھیلا جائے گا۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 14 دسمبر سے شروع ہوگی۔